پال رائن کون ہیں

آخری وقت اشاعت:  بدھ 7 نومبر 2012 ,‭ 20:18 GMT 01:18 PST

پال رائن کا انتخاب مِٹ رومنی کا ایک بے باک اقدام تھا

پال رائن کو جب مِٹ رومنی نے نائب صدر کے امیدوار کے طور پر چنا تو صدارتی مہم کا محور بظاہر امریکی حکومت کے مستقبل کے بارے میں ایک بڑی بحث میں تبدیل ہو گیا۔ اس سے پہلے صدارتی مہم صدر براک اوباما کی معاشی پالیسیوں پر مرکوز تھی۔

پال رائن کا انتخاب مِٹ رومنی کا ایک بے باک اقدام تھا۔ رائن ایک پر کشش اور نوجوان شخصیت کے طور پر ریپبلیکن پارٹی کی صدارتی مہم میں شامل ہوئے اور بعض لوگوں کے خیال میں یہی ایک رخ ہے جس کی پارٹی کی صدارتی مہم میں کمی ہے۔

لیکن مسٹر رائن کو ڈیموکرٹک پارٹی کے لیے ایک آسان ہدف کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے کیونکہ وہ خود اور اُن کی تجاویز اتنی زیادہ قدامت پسند ہیں کہ اُن کی وجہ سے امکان ہے کہ آزاد ووٹرز ریپبلیکن پارٹی کو ووٹ نہ دیں۔

بیالیس سالہ پال رائن کو خارجہ پالیسی کا تجربہ نہیں ہے اور مٹ رومنی اگر کسی وجہ سے صدر نہ رہیں تو پال رائن بظاہر صدر کا عہدہ سنبھالنے کے لیے تیار نظر نہیں آتے۔

پال رائن حالیہ برسوں میں نظریاتی مالیاتی قدامت پرستوں کے ترجمان کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ وہ حکومت کے اخراجات میں کٹوتی اور ٹیکس میں کمی چاہتے ہیں۔

وہ ایوانِ نمائندگان کی بجٹ کمیٹی کے سربراہ ہیں اور اُس متنازع بجٹ منصوبے کے خالق ہیں جس کے تحت دس برسوں میں حکومتی اخراجات میں پانچ عشاریہ تین کھرب ڈالر کی کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

وہ اٹھائیس برس کی عمر میں اپنے حلقے وسکونسن سے ایوانِ نمائندگان کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔ وہ وسکونس کے شہر جینس وِل میں پیدا ہوئے جہاں وہ اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔

پال رائن سولہ برس کے تھے جب اُن کے والد کا انتقال ہو گیا تھا۔ وہ ایک راسخ العقیدہ کیتھولک عیسائی ہیں اور کہتے ہیں کہ اُن کی پالیسیوں پر چرچ کی تعلیمات کا اثر ہے۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔