غیر ازدواجی روابط، سی آئی اے کے سربراہ مستعفی

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 10 نومبر 2012 ,‭ 20:29 GMT 01:29 PST

سی آئی اے کے سربراہ نے اپنا استعفیٰ صدر براک اوباما کو جمعہ کے روز دیا

امریکی حکام کے مطابق خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ڈیوڈ پیٹریئس غیر ازدواجی تعلقات کی بنا پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس جیمز آر کلیپر نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ جنرل ڈیوڈ پیٹریئس نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ سی آئی اے کے سربراہ نے اپنا استعفیٰ صدر براک اوباما کو جمعہ کے روز پیش کیا۔

ڈیوڈ پیٹریئس ستمبر دو ہزار ایک کے واقعات کے بعد سے امریکہ کے اہم ترین فوجی افسروں میں سے ایک ہیں۔

دو ہزار گیارہ کے وسط میں جب لیون پنیٹا وزیرِ دفاع بنے تو جنرل پیٹریئس نے افغانستان میں فوجوں کی سربراہی چھوڑ کر سی آئی اے کی قیادت سنبھال لی۔

اپنے استعفے کے سلسلے میں ڈیوڈ پیٹریئس نے سی آئی اے کے ارکان کو جو پیغام بھیجا اس میں ان کا کہنا ہے ’میں گزشتہ شام وائٹ ہاؤس گیا اور صدر سے درخواست کی کہ مجھے ذاتی وجوہات کی بنا پر سی آئی اے کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہونے دیں۔ ‘

’سینتیس سال سے شادی شدہ ہونے کے باوجود میں نے ایک بہت غلط قدم اٹھایا اور ایک دوسری عورت کے ساتھ روابط رکھے۔ ایک شادی شدہ مرد ہونے اور سی آئی اے جیسی ایجنسی کا سربراہ ہونے کے ناطے یہ قدم ناقابل قبول ہے۔ آج دوپہر کو صدر نے میرا استعفیٰ قبول کر لیا۔‘

ڈیوڈ پیٹریئس ستمبر دو ہزار ایک کے واقعات کے بعد سے امریکہ کے اہم ترین فوجی افسروں میں سے ایک تھے

صدر اوباما کی جانب سے بھی جنرل پیٹریئس کے استعفے پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیوڈ پیٹریئس ایک بےمثال جنرل تھے اور انہوں نے امریکہ کے لیے کئی دہائیوں تک غیر معمولی فرائص انجام دیے ہیں۔

ڈیوڈ پیٹریئس کی جگہ مائیکل موریل کو سی آئی اے کا قائم مقام ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔ انھوں نے لیون پنیٹا سے ڈیوڈ پیٹریئس کو قیادت کی منتقلی کے دوران بھی یہی ذمہ داری نبھائی تھی۔ صدر اوباما کو اب سی آئی اے کا ایک نیا سربراہ نامزد کرنا ہوگا جس کی سینیٹ منظوری دے گی۔

اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر چند امریکی حکام نے بتایا کہ جنرل پیٹریئس کے غیر ازدواجی تعلقات اپنی سوانح عمری لکھنے والی خاتون پائلہ بروڈول کے ساتھ تھے۔

اطلاعات کے مطابق ان روابط کا انکشاف ایف بی آئی نے اس وقت کیا جب انھوں نے جنرل پیٹریئس کے ای میل اکاؤنٹ کی نگرانی شروع کی تاکہ یہ پتا چلا سکیں کہ کیا کسی اور شخص کے پاس اس اکاؤنٹ تک رسائی حاصل تو نہیں۔

پائلہ بروڈول ہارورڈ یونیورسٹی میں تحقیقی ایسویٹ ہیں اور لندن میں کنگز کالج میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔

جنرل پیٹریئس کے بعد سی آئی اے ممکنہ طور پر مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔ اس وقت ادارے کو بجٹ کٹوتی اور بن غازی میں امریکی قونصل خانے پر حملے میں اپنے کردار پر سوالات کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔