غیر موزوں ای میل، اوباما نے جان ایلن کی حمایت کر دی

آخری وقت اشاعت:  بدھ 14 نومبر 2012 ,‭ 00:08 GMT 05:08 PST

امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان میں سینئیر فوجی کمانڈر جنرل جان ایلن کی فلوریڈا کی شادی شدہ خاتون جِل کیلی کو غیر موزوں ای میلز بھیجنے کی اطلاعات سامنے آنے کے باوجود ان کی حمایت کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کو جنرل جان ایلن پر ’اعتماد‘ ہے اور وہ یورپ میں نیٹو افواج کے سپریم کمانڈر ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی آے کے سابق سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریئس کے مستعفی ہونے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنا پہلا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر اوباما جنرل جان ایلن کی اپنے ملک کے لیے خدمات اور افغانستان میں ان کے رول کو بہت اہم سمجھتے ہیں۔

جے کارنے کے مطابق صدر اومابا جنرل جان ایلن کی خدمات اور ان کے ریکارڈ سے بہت خوش ہیں۔

ترجمان کے مطابق صدر اوباما کو سی آئی اے کے قائمقام ڈائریکٹر، امریکی وزیر دفاع اور وزارتِ دفاع پر بھی اعتماد ہے۔

واضح رہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق سربراہ ڈیوڈ پیٹریئس کی سوانح نگار پائلہ بروڈول کی جانب سے ایک امریکی خاتون جِل کیلی کو کی جانے والی نامناسب ای میلز کی شکایت کی تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ جنرل پیٹریئس اور پائلہ بروڈول کے ’بےقاعدہ ازدواجی تعلقات‘ ہیں کے بعد جنرل پٹریئس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کے اہل کاروں کا کہنا ہے کہ پینٹاگان افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان ایلن کے جنرل پیٹریئس کے ساتھ منسلک ایک خاتون کو غیر موزوں ای میل بھجنے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

اٹھاون سالہ جنرل جان ایلن نے سنہ دو ہزار گیارہ میں ڈیوڈ پیٹریئس کا امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا سربراہ بننے کے بعد افغانستان میں اتحادی فوج کی کمان سنھبالی تھی۔

جنرل جان ایلن کو یورپ میں نیٹو کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے نامزدگی کے حوالے سے جمعرات کو سینیٹ کے سامنے پیش ہونا تھا۔

افغانستان میں اس وقت اڑسٹھ ہزار کے قریب امریکی فوجی موجود ہیں۔

پینٹاگان کے ایک سینئیر اہلکار کے مطابق جنرل ایلن اور جل کیلی کے درمیان سنہ دو ہزار دس سے دو ہزار بارہ تک تک ہونے والے رابطوں کے حوالے سے تیس ہزار صفحات پر مشتمل ای میلز اور دوسرے دستاویزات کی جانج پڑتال کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جنرل ایلن نے فلوریڈا کی رہائشی شادی شدہ خاتون جل کیلی کو ای میل لکھی تھی۔ خاتون پہلے سے جنرل پیٹریئس کے سکینڈل میں شریک تفتیش ہیں کیوں کہ انہوں نے ایف بی آئی کو بتایا تھا کہ ان کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجی گئی تھیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔