صدر مرسی، اختیارات میں اضافے کا فرمان جاری

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 22 نومبر 2012 ,‭ 18:17 GMT 23:17 PST

مصری صدر مرسی کی جانب سے اس فرمان کے بعد ان کی اقتدار پر گرفت اور مظبوط ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

مصر کے صدر محمد مرسی نے نئے فرمان کے ذریعے اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کی ہے۔

فرمان کے مطابق اب کوئی بھی ان کے بنائے ہوئے قوانین، کیے گئے فیصلوں اور جاری کیے گئے فرمان کو چیلنج نہیں کر سکے گا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اب کوئی عدالت اور ادارہ ان کے فیصلوں پر اعتراض نہیں کر پائے گا۔

ماضی میں جیسے ایک عدالت نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں رکاوٹ کھڑی کی تھی اب اس فرمان کے بعد سے یہ ممکن نہیں ہو سکے گا۔

یاد رہے کہ مصر کی قانون ساز اسمبلی اس وقت ایک نئے آئین کی تیاری کا کام کر رہی ہے۔

صدر مرسی نے مرکزی وکیل استغاثہ کو بھی ایک فرمان کے ذریعے برطرف کر دیا ہے جو کہ ان کی برطرفی کا دوسرا موقع ہے۔

یاد رہے کہ صدر مرسی نے کلِک تیرہ اکتوبر کو انہیں مرکزی وکیل استغاثہ کو برطرف کر کے فیصلے واپس لیا تھا۔

صدر مرسی اور پراسیکیوٹر جنرل عبد المجید محمود کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ان کی برطرفی کا فیصلہ واپس لیا گیا تھا۔

اس سے پہلے صدر کی جانب سے برطرفی کے باوجود عبد المجید محمود نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا اور وہ ججوں اور وکلاء کے ہمراہ دفتر گئے تھے۔

حسنی مبارک کے اقتدار میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران مظاہرین پر حملے کرنے والے حکام کو بری کرنے کے بعد سے عبدالحمید محمود پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔

اسی طرح انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ان اہلکاروں کے خلاف مقدمات کی ازسر نو سماعت کا حکم دیا جن پر حسنی مبارک کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین پر حملے کرنے کا الزام تھا۔

پچھلے مہینے ان اہلکاروں کی بریت کے فیصلے کے بعد پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔

صدر مرسی نے طلعت ابراہیم کو نئے مرکزی وکیل استغاثہ مقرر کیا ہے۔

اسی فرمان کے تحت صدر مرسی نے مقننہ کو مزید دو ماہ کا عرصہ دیا ہے تاکہ وہ نیا آئن تحریر کر سکیں۔

یہ نیا آئین اس آئین کی جگہ لے گا جسے سابق صدر حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کے بعد نافذ کیا گیا تھا۔

نئے آئین کی تشکیل میں کئی رکاوٹوں کی وجہ سے مسلسل تاخیر ہو رہی ہے کیونکہ مختلف جانب سے مقننہ کی تشکیل پر عدالتوں میں مقدمات کیے گئے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔