فلپائن: سمندری طوفان سے کم از کم 200 افراد ہلاک

آخری وقت اشاعت:  بدھ 5 دسمبر 2012 ,‭ 08:43 GMT 13:43 PST

فلپائن کے میں شدید سمندری طوفان کی وجہ سے چالیس ہزار سے زائد افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے

فلپائن کے جنوبی حصے میں آنے والے شدید سمندری طوفان کے نتیجے میں دو سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

بوپھا نامی طوفان کے نتیجے میں طوفانی بارشوں کے ساتھ ساتھ دو سو دس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چلی۔

منداناؤ کے مقامی حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ کومپستلا وادی میں ہی ایک سو چھپن افراد کی ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔

امدادی عملہ بیشتر متاثرہ علاقوں تک پہنچ چکا ہے تاہم چند دور دراز علاقوں تک پہنچنے میں موسمی خرابی کی وجہ سے انھیں دقت کا سامنا ہے۔

طوفان اور آندھی کی وجہ سے چالیس ہزار سے زائد افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔

سمندری طوفان نے علاقے میں بجلی اور مواصلات کے نظام کو بھی نقصان پہنچایا ہے جو کہ امدادی کارروائیوں کو متاثر کر رہا ہے۔

مشرقی منداناؤ کے علاقے میں انداپ نامی گاؤں میں طوفان کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے سے تینتالیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سماجی بہبود کی سیکٹری کارزون سولیمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور لاشوں کے لیے بیگ پہنچائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہلاک ہونے والوں کی لاشیں نیو باتان کے علاقے میں سڑکوں پر پڑی ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ بیماریاں پھیلنے لگیں۔‘

واضح رہے کہ فلپائن میں ایک سال پہلے آنے والے واشی نامی طوفان کی وجہ سے پندرہ سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

فلپائن کے صدر بینینو اکینو نے بوپھا طوفان کے راستے میں آباد افراد پر زور دیا کہ وہ اس طوفان کو سنجیدگی سے لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ طوفان بہت شدید ہو سکتا ہے لیکن ہم جانی و مالی نقصان کو ایک دوسرے کی مدد کر کے کم کر سکتے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ ہلاکتیں درختوں کے نیچے آنے اور ڈوبنے کے نتیجے میں ہوئیں اور ان میں مزید اضافے کے توقع ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق کئی فوجی اور سویلین اس وقت بہہ گئے جب ان کے فوجی اڈے میں طوفانی پانی داخل ہوا اور وہ اس کی لپیٹ میں آ کر ڈوب گئے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق اب طوفان ملک کے جنوبی اور وسطی صوبوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔