چین: صنعتی پیداوار میں اضافہ، معیشت بہتر

آخری وقت اشاعت:  اتوار 9 دسمبر 2012 ,‭ 14:34 GMT 19:34 PST

چین کی صنعتی پیداوار میں اضافہ ایک اچھی خبر ہے

چین کی حکومت نے خوردہ بازار میں خرید و فروخت اور صنعتی پیداوار سے متعلق جو نئے اعداد و شمار پیش جاری کیے ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کی رفتار بڑھ رہی ہے۔

صنعتی پیداوار سے متعلق سرکاری ادارے ’نیشنل بیورو آف سٹیٹسٹک‘ کے مطابق اس برس نومبر میں گزشتہ برس کے مقابلے صنعتی پیداوار میں دس اعشاریہ ایک فیصد کا اضافہ دیکھا گيا ہے۔

یہ پیش رفت امید سے کہیں زيادہ اور گزشتہ مارچ سے اب تک سب سے بہتر کارکردگی ہے۔

صنعتی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ہی سرکاری ادارہ کے مطابق ریٹیئل سیکٹر کے سیل میں بھی چودہ اعشاریہ نو فیصد کا اضافہ درج کیا گيا ہے۔

اقتصادی ترقی سے متعلق یہ سرکاری ڈیٹا گزشتہ ماہ کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے قیادت میں تبدیلی کے بعد پہلی بار جاری کیا گيا ہے۔

چینی معیشت کی ترقی کی یہ خبر صرف چین کے لیے ہی نہیں بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی ایک اچھی خبر ہے کیونکہ چینی فیکٹریوں کی پیداوار سے دنیا کی مانگ کا بھی پتہ چلتا ہے۔

گزشتہ ستمبر کے اختتام تک برآمدات میں کمی اور گھریلو مانگ میں کمی کے سبب چین کی معیشت کی رفتار مستقل سات سہہ ماہی تک سست روی کا شکار رہی تھی۔

"مجموعی گھریلو پیداوار کے پھر سے بڑھنے، کمائي میں اضافے اور عام اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے چین کی معیشت اس وقت اچھی پوزیشن میں ہے۔"

موجودہ سہہ ماہی یعنی اکتوبر سے دسمبر کے درمیان کا ڈیٹا نئے سال کے موقع پر جاری کیا جائیگا۔

جولائی سے ستمبر کے درمیان چین کی معیشت نے سات اعشاریہ چار فیصد کی رفتار سے ترقی کی جبکہ اس برس کی پہلی سہ ماہی میں یہ رفتار سات اعشاریہ چھ تھی۔

گزشتہ برس یعنی سنہ دو ہزار گيارہ میں چین کی معیشت کی مجموعی رفتار نو اعشاریہ دو فیصد رہی تھی۔

اتوار کے روز جو نیا ڈیٹا جاری کیا گيا ہے اس میں افراط زر کی شرحوں میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے۔ افراط زر کی شرح اس وقت تین فیصد ہے جبکہ اکتوبر میں دو اعشاریہ سات فیصد تھی۔

بینک آف امریکہ میں چینی معیشت کے ماہر لوتنگ کا کہنا ہے کہ مجموعی گھریلو پیداوار کے پھر سے بڑھنے، کمائي میں اضافے اور عام اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے چین کی معیشت اس وقت اچھی پوزیشن میں ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔