ویتنام میں چین مخالف مظاہرے منتشر

آخری وقت اشاعت:  اتوار 9 دسمبر 2012 ,‭ 07:41 GMT 12:41 PST

ویتنام میں چین مخالف مظاہرین نے چین کے سفارت خانے تک جانے کی کوشش کی

ویتنام میں سکیورٹی حکام نے ہینوئی اور ہو چی منہ شہروں میں اتوار کی صبح مظاہرین کو منتشر کرکے چین مخالف احتجاجی مظاہرے روک لیے ہیں۔

مظاہرین سمندری حدود پر تنازعات کی وجہ سے چین کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔لیکن پولیس نے جلد ہی مظاہرین کو منتشر کر لیا۔

چین کے نئے پاسپورٹ میں جنوبی بحیرہ چین کے متنازع علاقوں کو چین کا حصہ دکھایا گیا ہے جس کی وجہ سے ویتنام خوش نہیں۔

گزشتہ مہینے ہنوئی نے بیجینگ پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے ویتنام کے تیل دریافت کرنے والے جہاز کی تاریں کاٹ دی تھیں۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق سینکڑوں لوگوں نے اتوار کی صبح ہونے چین مخالف احتجاج میں حصہ لیا۔وہ چینی اقدامات کوتوسیع پسندی کی پالیسی اور جارحیت سمجھتے ہیں۔

تاہم سکیورٹی اہل کاروں نے ہو چی منہ میں 45 منٹ بعد جبکہ ہنوئی میں آدھے گھنٹے بعد مظاہرین کو منتشر کر لیا۔

مظاہرین نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس نے 20 کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ویتنام کے بڑے شہر ہو چی منہ میں ایک سال سے زیادہ عرصے میں یہ پہلا چین مخالف مظاہرہ تھا۔

ویتنام میں عوامی مظاہرے بہت کم ہی ہوتے ہیں کیونکہ حکومت سیاسی اور سماجی استحکام پر زیادہ توجہ دیتی ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے بڑی کوششیں کیں لیکن لگتا ہے کہ اس دفعہ عوامی غصہ زیادہ تھا جسے آسانی سے نہیں دبایا جا سکا۔

ویتنام اور فلپائن چین پر متنازع جزیروں کے حوالے سے جارحیت کا الزام لگاتے ہیں۔

ویتنام کے قومی گیس اور تیل کے گروپ پیٹرو ویتنام نے کہا ہے کہ گذشتہ مہینے چین کی مچھلی پکڑنے والی کشتیوں نے ان کے تیل کے لیے سروے کرنے والے جہاز کو نقصان پہنچایا تھا۔

ویتنام، فلپائن اور تائیوان نے چین پاسپورٹ پر نقشے میں متنازع علاقوں کو شامل کرنے پر چین سے شکایت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ یہ ان ممالک کی خود مختاری میں مداخلت ہے۔

ویتنام اور فلپائن نے نئے چینی پاسپورٹ پر ویزا مہر لگانے سے انکار کیا ہے اور وہ علیحدہ کاغز پر ویزا جاری کرتے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔