مینڈیلا کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کا علاج جاری

آخری وقت اشاعت:  منگل 11 دسمبر 2012 ,‭ 12:24 GMT 17:24 PST
نیلسن مینڈیلا

نیلسن مینڈیلا کانیس سو ترانوے میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا

جنوبی افریقہ کے صدر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سابق صدر نیلسن مینڈیلا کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کا علاج ہو رہا ہے۔

یہ پہلی بار ہے کہ جنوبی افریقہ کے حکام کی جانب سے نیلسن مینڈیلا کے اچانک ہسپتال میں داخل کرانے کی وجہ بتائی گئی ہو۔

جنوبی افریقہ کے صدراتی دفتر کے ترجمان میک مہاراجہ نے بتایا ہے کہ ’نیلسن مینڈیلا کے جو ٹیسٹ کیے گئے ہیں ان میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیلسن مینڈیلا کو علاج سے افاقہ ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ نیلسن مینڈیلا کو سنیچر کو اچانک پریتوریا کے فوجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد پورے جنوبی افریقہ میں ان کی صحت سے متعلق تشویش پیدا ہوگئی تھی۔

اس سے قبل سنیچر کو جنوبی افریقہ میں حکام نے صرف یہ بتایا تھا نیلسن مینڈیلا کو علاج کے لیے ہسپتال داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کے کچھ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

جنوبی افریقہ کے موجودہ صدر جیکب زوما کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ چورانوے سالہ نیلسن مینڈیلا کی طبعیت ٹھیک ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔

جیکب زوما نے اپنے بیان میں سابق صدر نیلسن مینڈیلا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

نیلسن مینڈیلا نے بیس سال سے زیادہ قید میں گزارے اور انہیں فروری سنہ انیس سو نوے میں رہائی ملی۔ انہیں اپنے ملک پر نسل پرستی کی بنیاد پر قابض سفید فام حکمرانوں کے خلاف پر امن مہم چلانے پر سنہ انیس سو ترانوے میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔

نیلسن مینڈیلا سنہ انیس سو چورانوے سے انیس سو ننانوے کے دوران جنوبی افریقہ کے صدر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مینڈیلا نے سنہ دو ہزار چار کے بعد سے عوامی مصروفیات کو الوداع کہہ دیا تھا۔

ان کو سنہ دو ہزار گیارہ میں سینے میں شدید تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کروایا گیا تھا جبکہ رواں برس انہیں پیٹ کی تکلیف کی وجہ سے ہستپال داخل ہونا پڑا تھا۔

دوسری جانب ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ نیلسن مینڈیلا کو بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ ساتھ مزید علاج کی ضرورت پڑے گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔