2030 تک ایشیا، امریکہ اور یورپ سے زیادہ طاقتور

آخری وقت اشاعت:  منگل 11 دسمبر 2012 ,‭ 03:41 GMT 08:41 PST

دو ہزار تیس سے چند برس قبل ہی چین بطور سب سے بڑی معیشت امریکہ کی جگہ لے لے گا

امریکہ کی قومی انٹیلیجنس کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنہ دو ہزار تیس تک ایشیا کی طاقت یورپ اور امریکہ کی مجموعی طاقت سے زیادہ ہو جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق چین بھی آنے والی دو دہائیوں میں امریکہ کی جگہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔

گلوبل ٹرینڈز یا عالمی رجحانات 2030 نامی اس رپورٹ میں زیادہ عمر کی آبادی والے ترقی یافتہ ممالک میں ترقی کی سست رفتار اور گرتے ہوئے معیارِ زندگی کے بارے میں بھی متنبہ کیا گیا ہے۔

یہ رپورٹ ہر چار برس بعد جاری کی جاتی ہے اور اس کا مقصد ان بڑے رجحانات پر نظر رکھنا ہے جو دنیا کی شکل بدل رہے ہیں۔ یہ اس سلسلے کی مجموعی طور پر پانچویں رپورٹ ہے۔

قومی انٹیلیجنس کونسل کا کہنا ہے کہ اگر آبادی کے تناسب، مجموعی قومی پیداوار، عسکری اخراجات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو مدِنظر رکھا جائے تو دو ہزار تیس تک ایشیائی ممالک کی مجموعی طاقت براعظم یورپ اور شمالی امریکہ کے ممالک کی مجموعی طاقت سے بڑھ جائے گی۔

تاہم کونسل کا کہنا ہے کہ اسے یقین نہیں کہ چین امریکہ جیسی سپر پاور بنےگا اور عالمی معاملات پر دیگر ممالک سے اتحاد قائم کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق دو ہزار تیس سے چند برس قبل ہی چین بطور سب سے بڑی معیشت امریکہ کی جگہ لے لے گا اور اس کے برعکس یورپی ممالک، جاپان اور روس کی معیشتیں آہستہ آہستہ رو بہ زوال رہیں گی۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل انٹیلیجنس کونسل کے کونسلر میتھیو بروز کا کہنا تھا کہ ’سب سے بڑی اقتصادی طاقت ہونا اہم ہے لیکن یہ بھی ضروری نہیں کہ سب سے بڑی اقتصادی طاقت ہمیشہ سپر پاور بھی ہو‘۔

کونسل نے اپنی رپورٹ میں جن ’بڑے رجحانات‘ کی نشاندہی کی ہے ان میں ممالک کی انفرادی طاقت کے علاوہ طاقت کے توازن کی مغرب سے مشرق اور جنوب میں منتقلی بھی ہے۔

رپورٹ میں معمر معاشروں، متوسط طبقے میں اضافے اور قدرتی وسائل کی کمی کو کلیدی عالمی رجحانات قرار دیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق آئندہ بیس برس میں جہاں امریکہ توانائی کے معاملے میں خودکفیل ہو جائے گا وہیں دنیا میں شہروں میں رہائش پذیر افراد کی تعداد تیزی سے بڑھے گی۔

کونسل کا کہنا ہے کہ مستقبل میں امریکہ کا عالمی کردار آئندہ دو دہائیوں میں دنیا کی شبیہ کو بدلنے میں ڈرامائی کردار ادا کر سکتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔