اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹی مستعفی

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 22 دسمبر 2012 ,‭ 22:25 GMT 03:25 PST

اٹلی کے وزیراعظم ماریو مونٹی نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے

اٹلی میں سابق وزیر اعظم سیلویو برلسکونی کی سیاسی پارٹی ڈی ایل پی کی طرف سے حکومت کی حمایت ختم کرنے کے اعلان کے بعد ملک کے وزیر اعظم ماریو مونٹی نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ماریو مونٹی جو کہ ایک غیر منتخب ٹیکنوکریٹ حکومت کے سربراہ ہیں، نے کہا کہ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بجٹ اور معاشی استحکام قائم کرنے کا قانون پاس کرنے کے بعد حکومت چھوڑ دیں گے۔

ماریو مونٹی کا آئندہ فروری انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے اعلان اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

اٹلی کے سابق وزیر اعظم سیلویو برلسکونی وزیراعظم ماریو مونٹی کے کفایت شعاری کے پالیسیوں پر تنقید بھی کرتے رہے۔

دوسری جانب صدر جارجیو نیپولیٹانو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم ماریو مونٹی کا خیال ہے کہ وہ حکومت کرنے کا مینڈیٹ کھو چکے ہیں اس لیے انہوں نے استعفیٰ دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اگر اگلے سال کے لیے بجٹ جلد منظور ہوتا ہے تو ماریو مونٹی فوراً استعفیٰ دے دیں گے۔

اس استعفے کے بعد ملک میں انتخابات 70 دن کے اندر اندر کروانا لازمی ہیں جس کی وجہ سے امکان ہے کہ انتخابات اپریل میں ہوں گے۔

اس سے پہلے سلویو برلسکونی نے کہا تھا کہ ان کی واپسی کی وجہ احساس ذمہ داری ہے اور اٹلی کو معاشی مشکلات سے نکلنا ہے۔

بی بی سی کے ایلن جانسٹن کا کہنا ہے کہ برلسکونی کے ناقدین کہیں گے کہ وہ صرف اپنے کاروبار اور مفادات کو تحفظ دینے کے لیے اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں۔

سلویو برلسکونی کی عمر 76 برس ہے اور انہوں نے نومبر 2011 میں اٹلی میں معاشی مشکلات کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا۔انہیں اکتوبر میں ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا جس کے خلاف وہ اپیل کر رہے ہیں۔

ان پر ایک کم عمر طوائف کے ساتھ جنسی تعلق کے الزام میں بھی مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ وہ کوئی بھی غلط کام کرنے سے انکار کرتے ہیں۔

وہ پہلے ہی سے تین مخلتف ادوار میں اٹلی کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں اورخیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے کاروبار کو بڑھا کر بہت مال کمایا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔