شام مذاکرات پر آمادگی کو عملی شکل دے: روس

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 28 دسمبر 2012 ,‭ 09:09 GMT 14:09 PST

روس شامی حکومت کے مخالف شامی قومی اتحاد کے سربراہ احمد معاذ الخطیب سے بات چیت کے لیے بھی تیار ہے

شام کے صدر بشار الاسد کے بڑے حمایتی روس نے شامی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں جاری تنازع حل کرنے کے لیے حزبِ مخالف سے بات چیت کرے۔

یہ بات روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاورو نے جمعہ کو ماسکو میں مصر کے وزیرِ خارجہ محمد کمال امر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو شام کے نائب وزیرِ خارجہ فیصل مقداد سے بات چیت کے دوران انہوں نے شام سے کہا کہ وہ حکومت مخالف گروہوں سے مذاکرات پر آمادگی کو عملی شکل دے۔

’ہم نے شامی قیادت کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ اپوزیشن سے بات چیت کے لیے اپنی اعلان شدہ آمادگی کو عملی شکل دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے‘۔

سرگئی لاورو نے اس سے پہلے کہا تھا کہ شام میں سیاسی تصفیے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں لیکن اس سلسلے میں کوششیں جاری رہنی چاہیئیں۔

ادھر روس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ حکومت مخالف شامی قومی اتحاد کے سربراہ احمد معاذ الخطیب سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔

روس کے شامی حکومت سے قریبی تعلقات ہیں اور وہ مغربی ممالک کی جانب سے شامی قومی اتحاد کو تسلیم کیے جانے پر تنقید کرتا رہا ہے۔

رواں ماہ ہی روسی نائب وزیرِ خارجہ میکائل بوگدانوو نے پہلی بار اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ شام میں جاری بحران میں صدر بشار الاسد کی حکومت کو شکست ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا شامی حکومت مسلسل ’کنٹرول اور علاقہ‘ کھو رہی ہے اور اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ شام میں حزبِ اختلاف کامیابی حاصل کر لے۔

روس نے چین کے ہمراہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں شامی حکومت کے خلاف طاقت کے استعمال کی قراردادوں کو ویٹو کیا تھا۔

نامہ نگاروں کے مطابق روس ابھی بھی اس بات پر قائم ہے کہ صدر بشار الاسد کی حکومت گرانے سے تنازع میں شدت پیدا ہوگی تاہم اب شامی حکومت کے بارے میں اس کا رویہ بدلتا دکھائی دے رہا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔