’چاویس صدارتی حلف بعد میں اٹھا سکتے ہیں‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 5 جنوری 2013 ,‭ 08:50 GMT 13:50 PST

صدر اوگو چاویس کے چار آپریشن ہو چکے ہیں اور دس جنوری کو وہ نئی مدت کے لیے صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے ہیں۔

وینیزویلا کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ صدر اوگو چاویس صدر کے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں اور حلف بعد میں بھی اٹھا سکتے ہیں۔

وینیزویلا کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ ملک کی سپریم کورٹ ان کی طبیعت بہتر ہونے پر ان سے حلف لے سکتی ہے۔

یاد رہے کہ صدر اوگو چاویس جمعرات کو چھٹی بار صدر کے منصب پر فائز ہوں گے۔ تاہم وہ کینسر کے آپریشن کے بعد پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن کا شکار ہیں۔

دوسری جانب وینزویلا کی اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ اگر صدر چاویس اگلی مدت کے لیے حلف نہیں اٹھاتے تو تیس دن کے اندر نیا انتخاب کروایا جائے۔ وینزویلا کے آئین کی رو سے اگر صدر اپنے اقتدار کی پہلے چار سال میں کسی وجہ سے اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں تو تیس دن کے اندر دوبارہ انتخاب کروایا جائے گا۔

اٹھاون سالہ چاویس کا گیارہ دسمبر کو کیوبا میں کینسر کا چوتھا آپریشن ہوا تھا جس کے بعد سے ان کے پھیپھڑوں میں یہ تکلیف پیدا ہوئی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق اس انفیکشن کے بعد انہیں سانس کی تکالیف کا سامنا ہے۔

صدر چاویس دس جنوری کو ایک اور مدت کے لیے حلف اٹھانے والے ہیں۔

اس سے پہلے وینزویلا کی کانگریس کے سربراہ اور صدر چاویس کے سابق نائب دیوس داتھو کبیلیو نے کہا تھا کہ صدر ہوگو چاویس شاید اگلی مدت کی صدارت کے لیے شاید فٹ نہ رہیں لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک ان کی صحت یابی اور واپسی کا انتظار کرےگا۔

کیوبا جانے سے پہلے خود صدر چاویس نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی بیماری کی نوعیت خاصی سنگین ہے۔

صدر چاویس کے کینسر کی تشخیص جون 2011 میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی اور اٹھارہ ماہ میں اب تک ان کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

اس سال جون میں انتخاب سے پہلے انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کا کینسر ختم ہو گیا ہے اور وہ اس بیماری سے پاک ہیں مگر کچھ عرصہ قبل انہوں نے کہا کہ ان کا کینسر لوٹ آیا ہے جس کے بعد علاج کے لیے انہوں نے کیوبا جانے کا اعلان کیا۔

صدر چاویس انیس سو ننانوے سے برسر اقتدار ہیں اور گذشتہ برس اکتوبر میں انہیں اگلے چھ سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ حکام باقاعدگی سے صدر چاویس کی صحت کے بارے میں اطلاعات فراہم کر رہے ہیں جس سے مبصرین اندازہ لگا رہے ہیں کہ عوام کو کسی بھی صورتحال کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

وینزویلا سے روانہ ہونے سے قبل اوگو چاویس نے پہلی مرتبہ اپنے جانشین کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ واپس اقتدار میں نہیں آئے تو نائب صدر نکولس مدورو اقتدار سنبھالیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔