چاویس کی حلف برداری، التوا کی درخواست منظور

آخری وقت اشاعت:  بدھ 9 جنوری 2013 ,‭ 03:10 GMT 08:10 PST

صدر چاویس انیس سو ننانوے سے برسر اقتدار ہیں اور گذشتہ برس اکتوبر میں انہیں اگلے چھ سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا تھا

وینزویلا کی قومی اسمبلی نے صدر اوگو چاویس کی جانب سے صدارتی حلف برداری کا عمل ملتوی کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔

اٹھاون سالہ صدر چاویس نے جمعرات کو صدارت کی اگلی مدت کے لیے حلف اٹھانا تھا تاہم وہ کیوبا میں زیرِ علاج ہیں۔

گیارہ دسمبر کو ان کا کینسر کا چوتھا آپریشن ہوا تھا اور اس کے بعد سے وہ پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن کا شکار ہیں۔

اس انفیکشن کے بعد انہیں سانس کی تکالیف کا سامنا ہے اور وہ گذشتہ ماہ آپریشن کے بعد سے عوام کے سامنے بھی نہیں آئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے سپیکر نے اراکینِ اسمبلی کو بتایا کہ اوگو چاویس بعد میں کسی تاریخ کو حلف اٹھائیں گے۔

سپیکر نے ملک کے نائب صدر نکولس مدورو کا خط پڑھتے ہوئے بتایا کہ ان کی طبی ٹیم کی سفارشات کے تحت آپریشن کے بعد صحت یابی کا عمل دس جنوری کے بعد طویل ہو سکتا ہے اور اس کی وجہ سے وہ قومی اسمبلی کی تاریخ کے موقع پر یہاں موجود نہیں ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب وینزویلا میں حزب اختلاف نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ وہ فیصلہ دے کہ اگر صدر چاویس حلف نہیں اٹھاتے تو اس صورتحال میں کیا ہونا چاہیے۔

حزب اختلاف کے رہنما اونریکو کیپریلا نے کہا ہے کہ صدر چاویس اگلی مدت کے لیے حلف نہیں اٹھاتے ہیں تو اس صورت میں ملکی آئین کے مطابق قومی اسمبلی کے سپیکر آئندہ تیس دن کے اندر اندر نئے انتحابات کے انعقاد تک نگران صدر کے طور پر کام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دس جنوری کو جب آئینی مدت ختمہوتی ہے تو نئی آئینی مدت کا آغاز بھی ہوگا۔وینزویلا میں بادشاہت نہیں ہے اور نہ ہی یہ کیوبا ہے جہاں چند افراد بغیر کسی انتخابی عمل کے اقتدار دیگر افراد کو سونپ دیں۔ وینزویلا میں آئین کہتا ہے کہ یہاں الیکشن ہونے چاہیئیں۔‘

حزب اختلاف کے رہنما اونریکو کیپریلا نے کہا ہے کہ صدر چاویس اگلی مدت کے لیے حلف نہیں اٹھاتے ہیں تو اس صورت میں ملکی آئین کے مطابق قومی اسمبلی کے سپیکر آئندہ تیس دن کے اندر اندر نئے انتحابات کے انعقاد تک نگران صدر کے طور پر کام کریں۔وینزویلا کے آئین کی رو سے اگر صدر اپنے اقتدار کی پہلے چار سال میں کسی وجہ سے اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں تو تیس دن کے اندر دوبارہ انتخاب کروایا جائے گا۔

وینزویلا کے آئین کی رو سے اگر صدر اپنے اقتدار کی پہلے چار سال میں کسی وجہ سے اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں تو تیس دن کے اندر دوبارہ انتخاب کروایا جائے گا۔

اس سے پہلے ملک کے نائب صدر نے کہا تھا کہ صدر اوگو چاویس صدر کے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں اور حلف بعد میں بھی اٹھا سکتے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے سپیکر نے صدر چاویس کے حامیوں سے کہا تھا کہ وہ جمعرات کو سڑکوں پر نکل کر ان کی حمایت کا مظاہرہ کریں۔

وینزویلا کے نائب صدر پہلے بھی کہہ چکے ہیں اوگو چاویس صدر کے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں اور حلف بعد میں بھی اٹھا سکتے ہیں۔

کیوبا جانے سے پہلے خود صدر چاویس نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی بیماری کی نوعیت خاصی سنگین ہے۔ صدر چاویس کے کینسر کی تشخیص جون 2011 میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی اور اٹھارہ ماہ میں اب تک ان کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

صدر چاویس انیس سو ننانوے سے برسر اقتدار ہیں اور گذشتہ برس اکتوبر میں انہیں اگلے چھ سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ حکام باقاعدگی سے صدر چاویس کی صحت کے بارے میں اطلاعات فراہم کر رہے ہیں جس سے مبصرین اندازہ لگا رہے ہیں کہ عوام کو کسی بھی صورتحال کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

وینزویلا سے روانہ ہونے سے قبل اوگو چاویس نے پہلی مرتبہ اپنے جانشین کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ واپس اقتدار میں نہیں آئے تو نائب صدر نکولس مدورو اقتدار سنبھالیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔