امن فوج مالی کا کنٹرول سنبھالے:فرانس

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 7 فروری 2013 ,‭ 21:17 GMT 02:17 PST

فرانس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ مالی میں موجود افریقی مشن کو جلد از جلد اقوام متحدہ کا امن مشن بن جانا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر نے صحافیوں کو بتایا کہ فرانس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بدھ کو مالی کا معاملہ پہلی بار اٹھایا۔

فرانس اقوام متحدہ کی فوج کی مدد سے مالی کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ مالی کے شمالی علاقوں میں القاعدہ سے منسلک شدت پسندوں سے نمٹنے کے لیے تقریباً ایک ماہ قبل فرانسیسی فوج کو تعینات کیا گیا تھا۔

فرانس کا کہنا ہے کہ وہ مارچ میں اپنی چار ہزار فوجی دستوں کو مالی سے نکالنے کا کام شروع کر دے گا۔

فرانس کی خواہش ہے کہ مالی میں تبدیلی کا عمل اب شروع کیا جائے تاکہ اسے اپریل تک مکمل کیا جا سکے۔

اس سے قبل فرانس کے وزیِر دفاع ژاں یویس لا دریاں نے کہا تھا کہ مالی کے قصبے گاؤ میں فرانسیسی فوج ’شدت پسندوں‘ کے ساتھ ’باقاعدہ جنگ‘ میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ ماہ گاؤ سے اسلامی شدت پسندوں کا صفایا ہوگیا تھا لیکن علاقے میں جھڑپیں جاری تھیں۔

مالی کے زیادہ تر علاقوں سے شدت پسندوں کو صاف کر دیا گیا ہے تاہم دوردراز قصبوں میں ابھی لڑائی جاری ہے۔

فرانس کے وزیر دفاع نے بتایا کہ اسلامی شدت پسندوں نے منگل کو فرانس اور مالی کی فوجوں کے ساتھ لڑائی میں راکٹوں کا استعمال کیا۔

اس سے پہلے انہوں نے بتایا تھا کہ ایک ماہ سے جاری اس لڑائی میں اب تک سینکڑوں شدت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔

گاؤ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ منگل کو شہر کے مرکز میں بمباری کی شدید آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔

اسلامی شدت پسندوں نے شمالی مالی کے بڑے حصے پر قبصہ کرکے وہاں سخت گیر شریعت کا نظام نافذ تھا۔

یاد رہے کہ فرانس نے ملک کی مشرق کی طرف باغیوں کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے مالی میں گیارہ جنوری کو فوجی مداخلت کی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔