سرجری کے بعد چاویس کی پہلی تصویر جاری

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 16 فروری 2013 ,‭ 06:06 GMT 11:06 PST
چاویس

اس تصویر میں چاویس کو اپنی دونوں بیٹیوں کے درمیان مسکراتے ہوئے دیکھایا گیا ہے

لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا کی حکومت نے کینسر کی سرجری کے بعد صدر اوگو چاویس کی پہلی تصویر جاری کی ہے۔

اس تصویر میں اٹھاون سالہ وینزويلا کے رہنما کو مسکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں وہ اخبار پڑھ رہے ہیں اور ان کے پاس ان کی دونوں بیٹیاں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اوگو چاویس گزشتہ برس گیارہ دسمبر سے عوام کے سامنے نہیں آئے ہیں۔

صدر چاویس کے کینسر کی تشخیص جون سنہ دو ہزار گیارہ میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی اور اٹھارہ ماہ میں اب تک ان کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

کچھ تصاویر میں چاویس کو کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کااخبار’گرانما‘ پڑھتے دکھایا گیا ہے۔

ان تصویروں کو ٹیلی ویژن پر ان کے داماد اور وزیر سائنس نے پیش کیا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر جمعرات کو لی گئیں۔

وزیر اطلاعات ارنسٹو ویلگاس نے کہا کہ وینزويلا کے صدر ایک ٹیوب کے ذریعے سانس لے رہے ہیں اس لیے انھیں بولنے میں تکلیف ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنے احکام لکھ کر جاری کر رہے ہیں۔

وینزویلا میں چاویس کی صحت کے متعلق طرح طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کچھ طلبا کیراکس میں کیوبا کے سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں اور چاویس کی صحت کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

صدر چاویس انیس سو ننانوے سے برسر اقتدار ہیں اور گذشتہ برس اکتوبر میں انہیں اگلے چھ سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا تھا۔

ہوانا کے اپنے حالیہ سفر سے قبل چاویس نے اپنے حامیوں کو یہ تجویز دی تھی کہ وہ نائب صدر نکولس مدورو کو ان کے جانشین کے طور پر دیکھیں۔

مدورو اکثر چاویس کو دیکھنے ہوانا جاتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ وینزويلا کے صدر کا ٹیومر نکال دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔