پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کا بطور پوپ آخری خطاب

آخری وقت اشاعت:  بدھ 27 فروری 2013 ,‭ 07:35 GMT 12:35 PST

پوپ کا عہدہ تاحیات ہوتا ہے اور جدید دور میں کسی پوپ کے مستعفی ہونے کی مثال نہیں ملتی

پوپ بینیڈکٹ شانزدہم بدھ کے روز ہزاروں افراد کے سامنے ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز چوک میں اپنا آخری خطاب کریں گے جس کے بعد وہ کل جمعرات کو مستعفی ہو رہے ہیں۔

موسمِ سرما میں عموماً پوپ ویٹیکن کے مرکزی ہال میں خطاب کیا کرتے ہیں مگر ان کے استعفے کے بعد بہت بڑی تعداد میں عقیدت مند جمع ہو رہے ہیں جس کے بعد یہ خطاب چوک میں ہو گا۔ اس تقریب کے لیے پچاس ہزار ٹکٹ بنوائے گئے ہیں اور اندازاً دو لاکھ افراد اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

پوپ بینیڈکٹ شانزدہم جب جمعرات کو اپنے عہدے سے علیحدہ ہوں گے تو انہیں اس کے بعد ’پوپ ایمریٹس‘ کے لقب سے یاد کیا جائے گا۔

اس سے قبل آخری بار پوپ گریگری دوازدہم نے 1415 میں چرچ سے مخالفت کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد سے ایسا کوئی واقعہ قریبی تاریخ میں پیش نہیں آیا ہے۔

پوپ بینیڈکٹ کے اچانک استعفے کی وجہ سے نئے قوانین کی ضرورت پڑی ہے جس کے تحت نئے پوپ کا انتخاب عیسائیوں کے مقدس مہینے سے ایک ہفتہ قبل کی بجائے جلد ہی کیا جا سکے گا۔

بدھ کے روز پچاسی سالہ پوپ آخری بار عوام میں نظر آئیں گے اور اپنی خصوصی گاڑی پوپ موبائل میں عقیدت مندوں کے درمیان جائیں گے اور منتظمین کا کہنا ہے کہ مجمعے کے افراد کی تعداد کی وجہ سے پوپ کے ہاتھ کا بوسہ لینے کی اجازت نہیں ہو گی جو کہ عموماً ایسے موقعے پر لیا جاتا ہے۔

بی بی سی کے ایلن جونسٹن کا کہنا ہے کہ پوپ جمعرات کو اپنی گرمائی رہائش گاہ کاسل گودلفو جائیں گے جو روم سے پندرہ کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے اور اٹلی کے مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے پوپ نہیں رہیں گے۔

پوپ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی انہیں ’ہز ہولی نیس‘ کے اعزاز کے ساتھ پکارا جایا کرے گا۔

85 سالہ پوپ اپریل 2005 میں پوپ جان پال دوم کے انتقال کے بعد پاپائے روم بنے تھے۔

چھ سو سال کے عرصے میں وہ پہلے پوپ ہیں جنھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا، جس سے نہ صرف مختلف ملکوں کی حکومتیں، ویٹیکن پر نظر رکھنے والے مبصر، حتیٰ کہ ان کے قریبی مشیروں تک کو حیران چھوڑ دیا تھا۔ عام طور پر پوپ کا عہدہ تاحیات ہوتا ہے مگر یہ حالیہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پوپ مستعفی ہو رہے ہیں۔

ویٹیکن کا کہنا ہے کہ نئے پاپائے روم کا انتخاب ایسٹر سے پہلے کر دیا جائے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔