’صدر اوگو چاویس کی نازک حالت برقرار‘

آخری وقت اشاعت:  منگل 5 مارچ 2013 ,‭ 05:20 GMT 10:20 PST

صدر چاویس کیراکس کے فوجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں

لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا کی حکومت کے مطابق صدر اوگو چاویس سانس کے ایک نئے شدید انفیکشن میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

اٹھاؤن سالہ صدر چاویس گزشتہ ماہ کیوبا میں کینسر کے علاج کے بعد ملک واپس پہنچے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ٹیلی ویژن پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر چاویس کی سانس کی بیماری زیادہ شدت اختیار کر گئی ہے اور وہ سانس کے ایک نئے شدید انفیکشن میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ملک کے وزیر اطلاعات ایرنیسٹو ویلیگس نے صدر چاویس کی صحت کے بارے میں کہا ہے کہ ان کی نازک حالت برقرار ہے۔

دارلحکومت کیراکس کے فوجی ہسپتال سے وزیر اطلاعات نے بات کرتے ہوئے کہا کہ’آج سانس کا انفیکشن شدت اختیار کر گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ صدر چاویس کی تفصیلی کیمو تھراپی اور علاج جاری ہے۔

دارالحکومت کیراکس میں لوگوں نے اختتام ہفتہ پر احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ صدر چاویس کی صحت کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم کی جائیں۔

صدر چاویس کے کینسر کی تشخیص جون سنہ دو ہزار گیارہ میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی اور اٹھارہ ماہ میں اب تک ان کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

چند دن پہلے ملک کے نائب صدر نکولس مدورو نے کہا تھا کہ صدر اوگو چاویس زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

نائب صدر نے وینزویلا کے ٹی وی کو بتایا تھا کہ’ہمارے کمانڈر بیمار ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی ان لوگوں کے لیے وقف کر دی تھی جن کے پاس کچھ نہیں تھا۔‘

نائب صدر نکولس مدورو نےجنہیں صدر اوگوچاویس کا چنا ہوا جانشین سمجھا جاتا ہے، کہا کہ’انہوں نے اپنی صحت کی پروا نہیں کی کیونکہ وہ اپنی زندگی اور روح لوگوں کو دے چکے تھے۔ وہ زندگی اور صحت یابی کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔