کینیا کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 7 مارچ 2013 ,‭ 12:50 GMT 17:50 PST

ملک کے وزیر اعظم رئیلا اودینگو اور نائب وزیر اعظم اوہیورو کینیاٹا کے درمیان صدارت کے عہدے کے لیے مقابلہ ہے

کینیا کے صدارتی امیدوار رئیلا اودینگو کے نائب کالونزو موسیوکا نے صدراتی انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کرانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

کالونزو موسیوکا نے کہا کہ’ہمارے پاس صدارتی انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کرانے کے ثبوت موجود ہیں۔‘

ان کاکہنا تھا کہ ووٹوں کی گنتی رکوا دینی چاہیےلیکن ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے تبصرے کو احتجاج نہ سمجھا جائے۔

ملک کے وزیر اعظم رئیلا اودینگو اور نائب وزیر اعظم اوہیورو کینیاٹا کے درمیان صدارت کے عہدے کے لیے مقابلہ ہے۔

کالونزو موسیوکا نے جمعرات کو کہا کہ’ہمارے اتحاد کا ماننا ہے کہ ووٹ گنتی کرنے کا نظام شفاف اور درست نہیں ہے۔ اسے روک لینا چاہیے، اور پولنگ سٹیشنز سے دستاویزات لے کر ووٹوں کی گنتی دوبارہ شروع کرنی چاہیے۔‘

"ہمارے اتحاد کا ماننا ہے کہ ووٹ گنتی کرنے کا نظام شفاف اور درست نہیں ہے۔ اسے روک لینا چاہیے۔اور پولنگ سٹیشنز سے دستاویزات لے کر ووٹوں کی گنتی دوبارہ شروع کی جائے"

رئیلا اودینگو کے ساتھی امیدوار کالونزو موسیوکا

انہوں نے کہا کہ ’اس کا مطلب عوامی احتجاج کرنا نہیں ہے کیونکہ ہم اتحادی قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں۔‘

نئے نصب شدہ بایو میٹرک سسٹم میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی میں تاخیر ہوئی ہے۔

کینیا کے دارالحکومت نیوروبی میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق الیکشن کمیشن کے سربراہ نے خبرادار کیا ہے کہ جمعہ یا شاید پیر تک انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ملک میں مزید خون خرابے کو روکنے کے لیے انتخابات کے نتائج کی ساکھ قائم رکھنا ضروری ہے۔

ووٹوں کی گنتی کے الیکٹرانک نظام میں خرابی کی وجہ سے بدھ کو ووٹوں کی گنتی دوبارہ ہاتھ سے شروع کی گئی۔

ووٹوں کی تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اوہیورو کینیاٹا کو 2.5 ملین یعنی 53 فیصد ووٹ پڑا ہے اور انہیں رئیلا اودینگو پر سبقت حاصل ہے جنہوں نے 1.9 ملین ووٹ یعنی 42 فیصد حاصل کیے ہیں۔

تاہم نئے اعداد و شمار کے مطابق مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد تین لاکھ یعنی چھ فیصد سے کم ہو کر چالیس ہزار ہو گئی ہے۔

جیتنے کے لیے صدارتی امیدوار کو ڈالے گئے ووٹوں کا پچاس فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔