نکولس مدورو وینزویلا کے قائم مقام صدر

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 9 مارچ 2013 ,‭ 04:01 GMT 09:01 PST

وینزویلا کے سابق صدر اوگو چاویس نے نکولس مدورو کو اپنا جانشین مقرر کیا تھا

وینزویلا کے سابق نائب صدر نکولس مدورو نے سابق صدر اوگو چاویس کے انتقال کے بعد ملک کے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔

نکولس مدورو نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انتخابی حکام کو ملک میں فوری طور پر صدارتی انتخاب منعقد کروانے کا حکم جاری کیا۔

اس سے پہلے نکولس مدورو کی حلف برداری کی تقریب دارالحکومت کارکس میں منعقد ہوئی۔

وینزویلا کی قومی اسمبلی کے سپیکر نے حلف برداری تقریب کی صدارت کی۔

خیال رہے کہ وینزویلا کے سابق صدر اوگو چاویس پانچ مارچ کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

وہ ایک برس سے زائد عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے اور کیوبا میں ان کے متعدد آپریشن بھی ہوئے تھے۔

وینزویلا کے سابق صدر اوگو چاویس نے نکولس مدورو کو اپنا جانشین مقرر کیا تھا۔

دوسری جانب وینزویلا کی حزب مخالف کے پیشتر اراکین نے حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کیا۔

حزب مخالف کا موقف تھا کہ ایسی صورت حال میں آئین کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر کو قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنا چاہیئے تھا۔

ادھر وینزویلا کے قائد حزب اختلاف نے اس اقدام کو دھوکا دہی قرار دیا ہے۔

دریں اثنا نکولس مدورو نے قائمقام صدر کا عہدہ سنھبالنے کے بعد کہا کہ ملک میں سوشلزم کی راہ اپنائی جائے گی۔

نکولس مدورو نے قومی اسمبلی میں وینزویلا کے آئین کی کاپی ہاتھ میں پکڑے اعلان کیا کہ وہ کمانڈنٹ اوگو چاویس سے وفاداری کی قسم کھاتے ہیں۔

امید کی جا رہی ہے کہ وینزویلا کے قائمقام صدر کی حیثیت سے نکولس مدورو تیس دن کے اندر عام انتخابات کا اعلان کریں گے۔

اس سے پہلے جمعے کی صبح وینزویلا کے صدر ہیوگو چاویز کی آخری رسومات دارالحکومت کارکس میں منعقد ہوئیں۔

اس موقع پر جذ باتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے ملک کے نائب صدر نکولس مدورو نے کہا کہ وینزویلا کے عوام صدر چاویس کی خدمات کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔