امریکی کمانڈوز کی بےدخلی کے حق میں مظاہرہ

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 16 مارچ 2013 ,‭ 16:23 GMT 21:23 PST

دفاعی نقطۂ نظر سے صوبہ وردک خاصی اہمیت کا حامل ہے

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سینکڑوں مظاہرین نے پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ امریکی سپیشل فورسز صوبہ وردک سے نکل جائیں۔

یہ مظاہرہ ایسے وقت ہوا ہے جب حال ہی میں افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی کمانڈوز کو صوبہ وردک چھوڑ دینے کا حکم دیا تھا۔

افغان صدر نے یہ حکم اس وقت دیا جب امریکی کمانڈوز اور ان کے لیے کام کرنے والے افغان باشندوں پر تشدد اور گمشدگیوں کے الزامات سامنے آئے۔

صدر کرزئی نے امریکی کمانڈوز کو گزشتہ اتوار تک کا وقت صوبہ چھوڑنے کے لیے دیا تھا۔ تاہم اس کے بعد حامد کرزئی نے امریکی فوج کو تھوڑی اور مہلت دی تھی تاکہ صوبے کی سکورٹی کو افغان فورسز کے حوالے کرنے پر مذاکرات ہو سکیں۔

صوبہ وردک کی جغرافیائی پوزیشن بہت اہم ہے کیونکہ کابل میں اسلحہ لے کر آنے کا یہ اہم راستہ ہے۔

کابل میں بی بی سی کی نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ان افغان یونٹس کو تشدد اور گمشدگیوں کے الزامات کا سامنا ہے اور پارلیمان کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بھی ان پر یونیورسٹی کے ایک طالب علم کا سر قلم کرنے کا الزام ہے۔

دفاعی نقطۂ نظر سے صوبہ وردک خاصی اہمیت کا حامل ہے اور حالیہ دنوں یہاں شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں پر توجہ مرکوز ہے۔

امریکی فورسز اور ان کے ساتھ کام کرنے والی مقامی ملیشیاء کے احتساب کا معاملہ افغانستان اور امریکہ کے تعلقات میں کشیدگی کا بڑھتا ہوا سبب ہے۔

چند ہفتے قبل ہی افغان صدر نے افغان سکیورٹی فورسز کا پابندی لگائی تھی کہ وہ رہائشی علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فضائی طاقت کی مدد نہیں مانگ سکتے۔

صوبہ کنٹر میں دس شہریوں کی ہلاکت کے بعد صدر کرزئی نے یہ پابندی عائد کی تھی اور اس وقت کہا تھا ’ہماری فورسز غیر ملکیوں سے فضائی مدد مانگتی ہیں اور ان فضائی حملوں میں ہمارے بچے مارے جاتے ہیں‘۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔