’چین اسلحہ برآمد کرنے والا پانچواں بڑا ملک‘

آخری وقت اشاعت:  پير 18 مارچ 2013 ,‭ 09:45 GMT 14:45 PST
چینی فرائگیٹز

چین نے جنگی اسلحہ سے لیس تین بحری جہاز الجیریا کو دیا ہے

ایک سوئیڈش تھنک ٹینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین دنیا میں اسلحہ برآمد کرنے والا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے۔

سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 1950ء کے بعد سے پہلی بار برطانیہ پانچویں مقام سے چھٹے نمبر پر آگیا ہے اور چین نے اس کی جگہ لے لی ہے۔

ایس آئی پی آر آئی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ برس (2012-2008) میں اس سے پہلے کے پانچ برس کے مقابلے میں چین کے اسلحہ کی برآمدات میں 162 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی اور اے ایف پی کے مطابق ایس آئی پی آر آئی نے کہا ہے کہ اسلحے کی عالمی برآمدات میں چین کا حصہ دو فیصد سے بڑھ کر پانچ فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

واضح رہے کہ چینی ہتھیاروں کا سب سے بڑا خریدار پاکستان ہے جو اپنے پچپن فیصد ہتھیار چین سے حاصل کرتا ہے۔ اس کے بعد میانمار اور بنگلہ دیش بالترتیب آٹھ اور سات فیصد ہتھیار چین سے برآمد کرتے ہیں۔

اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک

  • امریکہ تیس فی صد
  • روس چھبّیس فی صد
  • جرمنی سات فی صد
  • فرانس چھ فی صد، اور
  • چین پانچ فی صد

ایس آئی پی آر آئی کے ڈائریکٹر پال ہالٹوم نے کہا ہے کہ ’چین کی برآمدات میں اضافے کی وجہ پاکستان کا بھاری تعداد میں اس سے اسلحہ حاصل کرنا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا ’حالیہ چند معاہدوں سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ چین نے اپنے آپ کو اہم اسلحہ فراہم کرنے والے ملک کے طور پر منوانا شروع کر دیا ہے کیونکہ اس سے اسلحہ حاصل کرنے والے ممالک کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘

ایس آئی پی آر آئی کے مطابق چین نے حال ہی میں الجیریا کو تین فریگیٹ، وینزویلا کو آٹھ مال بردار ہوائی جہاز اور مراکش کو 54 ٹینک فروخت کیے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ برآمد کرنے والا ملک ہے۔ گزشتہ پانچ سال (2012-2008) کے درمیان عالمی سطح پر اسلحہ برآمد کرنے میں اس کا حصہ 30 فیصد رہا ہے جبکہ روس کا حصہ 26 فیصد، جرمنی کا سات اور فرانس کا چھ فیصد ہے۔

اسلحہ درآمد کرنے والے ممالک

  • بھارت بارہ فی صد
  • چین چھ فی صد
  • پاکستان پانچ فی صد
  • جنوبی کوریا پانچ فی صد
  • سنگاپور چار فی صد

جہاں دنیا میں اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک میں امریکہ، روس، جرمنی، فرانس اور چین شامل ہیں وہیں سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والے ممالک میں بھارت 12 فیصد کے ساتھ اول نمبر پر ہے۔

چین چھ فیصد کے ساتھ دوسرے اور پاکستان اور جنوبی کوریا پانچ فیصد کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہے جبکہ سنگاپور چار فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔