بھارت بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے: اٹلی

آخری وقت اشاعت:  منگل 19 مارچ 2013 ,‭ 01:36 GMT 06:36 PST

ڈینیئل مینچینی

اٹلی نے بھارت پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس کے سفیر کو ملک چھوڑنے سے روک کر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اٹلی کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ سفارتی تعلقات کے بارے میں ویانا کنونشن کی ’واضح خلاف ورزی‘ ہے۔

اس سے قبل بھارتی سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ اٹلی کے سفیر ڈینیئل مینچینی کا سفارتی استثنیٰ ختم ہو گیا ہے۔

سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ اس وقت آیا جب اٹلی کی حکومت نے ان دو فوجیوں کو بھارت کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا جن پر الزام ہے کہ انھوں نے دو بھارتی ماہی گیروں کو ہلاک کر ڈالا تھا۔

ان فوجیوں کو وطن واپس جانے کی اجازت دی گئی تھی تاکہ وہ انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں، اور اس کے بعد آ کر مقدمے کا سامنا کریں۔

مینچینی نے ذاتی یقین دہانی کروائی تھی کہ دونوں فوجی عدالتی حکومت کے مطابق چار ہفتوں کے اندر اندر واپس آ جائیں گے۔ لیکن جب اٹلی کی حکومت نے انہیں دوبارہ واپس نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تو بھارتی سپریم کورٹ نے معاملے کی سماعت کے بعد اٹلی کے سفیر کو ملک نہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

پیر کو اس معاملے کی سماعت کے موقع پر اٹلی کے سفیر کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ڈینیئل مینچینی کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے لیکن عدالت نے اس موقف کو مسترد کر دیا۔

چیف جسٹس التمش کبیر کی سربراہی والے تین رکنی بینچ نے کہا، ’جو شخص عدالت میں پیش ہوکر عہد کرتا ہے اسے استثنیٰ حاصل نہیں رہتا۔‘ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا، ’عدالت کو اٹلی کے سفیر ڈینیئل مینچینی پر اعتبار نہیں رہا۔‘

اٹلی کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے اب بھی امید ہے کہ اس مسئلے کا حل نکل آئے گا۔

خیال رہے کہ بھارت کے جنوبی شہر کوچی کے سمندری ساحل پر اطالوی تیل بردار ٹینکر کی نگرانی کرنے والے دو اطالوی فوجیوں نے بھارتی ماہی گیروں کو بحری قزاق سمجھ کر ان پر گولی چلا دی تھی۔

اس حادثے میں دو ماہی گیر ہلاک ہوئے تھے اور ان دونوں اطالویوں کوگذشتہ برس حراست میں لیا گیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔