فرانس، مکان میں آگ لگنے سے پانچ بچے ہلاک

Image caption اطلاعات کے مطابق مکان میں آگ حادثاتی طور پر لگی

فرانس میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مکان میں آگ لگنے سے پانچ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ دارالحکومت پیرس سے تقریبا اسّی میل کے فاصلے پر واقع شہر سینٹ کوئنٹن میں پیش آيا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ حادثاتی طور پر لگي۔

مقامی حکام کے مطابق گھر میں بچوں کے باپ بھی موجود تھے جو مکان سے بچ نکلنے میں تو کامیاب رہے لیکن ان کا جسم بھی کئی جگہ سے معمولی طور پر جھلس گيا۔

اطلاعات کے مطابق وہ کھڑکی سے باہر کود پڑے اور آگ لگنے کا شور مچایا لیکن جب تک ایمرجنسی سروسز پہنچی اس وقت تک پورا مکان شعلوں کے لپیٹ میں تھا اور اس کے اندر جانا مشکل تھا۔

آگ پر قابو پانے کے بعد اندر سے بچوں کی پانچ لاشیں برآمد ہوئیں۔

سنیچر کے دن بھی پیرس کے مضافاتی علاقے آبیرویلیئرس کی ایک عمارت میں آگ بھڑک اٹھنے سے تین افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق جب سات منزلہ عمارت میں آگ لگی تواس وقت اس میں تقریباً ساٹھ افراد موجود تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ایک مقامی افسر مائیکل ڈاہان کا کہنا تھا ’شاید یہ واقعہ مجرمانہ حرکت تھی، ایسا لگتا ہے کہ بدلہ لینے کے لیے ایسا کیا گیا ہوگا۔‘

جو لوگ اس عمارت کی آگ سے بچ نکلے وہ ایک عارضی مکان میں پناہ لینے پر مجبور ہیں کیونکہ وہ عمارت بری طرح تباہ ہوگئی تھی۔

اسی بارے میں