سوڈان: جھڑپ میں پانچ بھارتی اہلکار ہلاک

بھارت کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے جنوبی سوڈان میں باغیوں کے ساتھ ہونے والی ایک جھڑپ کےنتیجے میں اقوامِ متحدہ کے قافلے کی حفاظت پر مامور پانچ بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ہلاک ہونے والے بھارتی اہلکار جنوبی سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ساتھ ڈیوٹی کر رہے تھے۔

سید اکبر الدین کے مطابق اس حملے میں چار بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو بھارت واپس لانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہلاک ہونے والے پانچ بھارتی سپاہی جنوبی سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے قافلے کی حفاظت پر مامور تھے۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سوڈان سے تقریباً ایک سال پہلے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے جنوبی سوڈان کے علاقے جونگ لی کے علاقے میں نسلی فسادات ہوتے رہتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ایک نامعلوم اہلکار نے خبر رساں ایجنسی اے پی کو اس حملے میں سات عام شہری بھی ہلاک ہوئے۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ جنوبی سوڈان کی ریاست جونگ لی میں پیش آیا جسے مسلح گروہوں کی جنت بھی کہا جاتا ہے۔

ادھر اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جنوبی سوڈان کے قصبوں پائی بور اور بور کے درمیان پیش آیا۔

اقوامِ متحدہ نے منگل کو ہونے والے اس حملے کا ذمہ دار شدت پسندوں کو ٹھہرایا ہے جبکہ جنوبی سوڈان کا کہنا ہے کہ سوڈان شدت پسندوں کو مسلح کر رہا ہے۔

اسی بارے میں