لیبیا: مسلح افراد کا وزارت خارجہ کی عمارت کا محاصرہ

Image caption کرنل قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد لیبیا میں موثر حکومت قائم نہیں ہو سکی ہے

لیبیا میں ایک مسلح گروہ نے ملک کے وزارت خارجہ کی عمارت کا محاصرہ کر لیا ہے۔ اس مسلح گروہ جس کی گاڑیوں پر اینٹی ایئرکرافٹ گنیں نصب ہیں، مطالبہ کر رہے ہیں کہ کرنل قذافی کے حامیوں کو وزارت خارجہ سے نکال باہر کیا جائے۔

پک اپ ٹرکوں پر سوار درجنوں مسلح افراد نے لوگوں کو دفتر خارجہ میں داخل ہونے سے روک دیا اور ٹریفک کا رخ بھی موڑ دیا۔

لیبیا میں کرنل قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد موثر حکومت وجود میں نہیں آ سکی ہے اور مسلح گروہ اپنی من مانیاں کر تے نظر آتے ہیں۔ حکومت نے مسلح گروہوں کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

لیبیا کے وزیر اعظم علی زاہدان نے اپنے ہموطنوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی حمایت کریں اور ایسے لوگوں کا ہرگز ساتھ نہ دیں جو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

طرابلس میں بی بی سی کی نامہ نگار رعنا جواد کے مطابق کہ مسلح افراد سے بھری کم از کم بیس گاڑیاں علاقے میں موجود ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے وزارت کی عمارت کے اندر جانے سے گریز کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی بلڈنگ کا محاصرہ کرنے والے افراد میں نوجوان اور ادھیڑ عمر افراد شامل ہیں۔