بحرین: شیعہ عالم کے مکان پر چھاپے کے خلاف دھرنا

Image caption شیخ عیسیٰ قاسم کا شمار بحرین کے سینیئر ترین شیعہ علماء میں ہوتا ہے

خلیجی ملک بحرین کے شہر دراز میں ہزاروں مظاہرین نے سینیئر شیعہ عالم شیخ عیسیٰ قاسم کے مکان پر پولیس کے چھاپے کے خلاف دھرنا دیا ہے۔

اس دھرنے کا اعلان بحرین کی سب سے بڑی سماجی اپوزیشن گروپ الوفاق نے کیا تھا۔

الوفاق کے مطابق پولیس نے شیعہ عالم شیخ قاسم کے مکان پر چھاپہ مارا تھا۔ اس وقت شیخ عیسیٰ قاسم مکان میں موجود نہیں تھے۔

الوفاق کے مطابق پولیس نے مکان سے کچھ دستاویزات قبضے میں لیے ہیں۔

اس چھاپے کے باعث بحرین کی شیعہ آبادی میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شیخ عیسیٰ قاسم کا شمار بحرین کے سینیئر ترین شیعہ علماء میں ہوتا ہے۔

الوفاق کے سینیئر کارکن جاسم حسین نے بی بی سی کو بتایا کہ شیخ عیسیٰ قاسم کے مکان پر پولیس کے چھاپے کے باعث شیعہ عوام میں غصہ پایا جاتا ہے۔

’بحرین میں شیخ عیسیٰ قاسم کے پیروکاروں کی بڑی تعداد ہے اور ان کو غصہ ہے کہ رات ایک بجے ان کے مکان پر چھاپہ مارا گیا ہے۔‘

مظاہرین نے دراز میں شیخ قاسم مسجد کے قریب دھرنا دیا۔ ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس نے مظاہرین کو دراز شہر میں داخل ہونے سے نہیں روکا۔

اس سے قبل تین سُنی سیاسی سوسائٹیز نے شیخ قاسم کی امریکی وزارت خارجہ کے اعلیٰ اہلکار رشاد حسین سے ملاقات کی مذمت کی۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اعلیٰٰ امریکی عہدیدار کی ملاقات شیخ قاسم سے ہوئی ہے۔ اور اس ملاقات سے بحرین کے ’دہشت گردوں‘ کی جانب امریکی جھکاؤ ثابت ہو گیا ہے۔

بحرین میں شیعہ اکثریت سنّی حکمرانوں سے ملک میں جمہوری اصلاحات اور شیعوں کے لیے مزید حقوق کا مطالبہ کر رہی ہے۔

بحرین میں شیعہ مسلمانوں نے تیونس اور مصر میں حکومت مخالف احتجاج سے متاثر ہو حکومت مخالف مظاہرے شروع کیے تھے۔

چودہ فروری سنہ دو ہزار گیارہ کو پرامن مظاہرین نے ملک کے علامتی چوک پرل پر قبضہ کر لیا تھا۔ تین بعد سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کر کے اس جگہ کو مظاہرین سے خالی کروایا لیا تھا۔

اس کے بعد بھی احتجاجی مظاہرے جا رہے اور حکومت نے درجنوں افراد کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے جبکہ زیرحراست افراد سے تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کی خلاف وزریاں کی گئی تھیں۔

اسی بارے میں