لکشمی متل کو گھاٹا، مکان فروخت کرنے کا فیصلہ

لکشمی متّل
Image caption لکشمی متل کی دولت میں کمی آئي ہے جس سے وہ اب برطانیہ کے امیر ترین شخص نہیں رہے

دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل رہنے والے بھارتی نژاد سٹیل کے تاجر لکشمی نواس متّل نے وسطی لندن میں واقع اپنے مکان کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مکان کو انہوں نےدو ہزار آٹھ میں ایک سو ستّرہ ملین پونڈ میں خریدا تھا۔

اس وقت اسے برطانیہ کا سب سے مہنگا گھر بتایا گیا تھا۔ اب اس مکان کی قیمت 110 ملین پاؤنڈ لگائی گئی ہے۔

لندن کے ارب پتیوں کو اب ایک نئے ہاؤس ٹیکس کا سامنا ہے۔ پارلیمنٹ میں ہونے والی بحث جو نیا ٹیکس عائد کیاگيا ہے اس کا نفاذ یکم اپریل سے ہوا ہے۔

لیکن تقریباً اٹھائیس فیصد کی شرح سے لگائے جانے والا یہ ٹیکس لکشمی متّل پر عائد نہیں ہوگا۔

لکشمی نواس متل نے اس مکان کو اپنے بیٹے آدتیہ متل کے لیے اسرائیلی امریکی شخص نومگاٹس مین سے خریدا تھا۔ اس میں کل بارہ کمرے ہیں۔ لیکن ان کے بیٹے آدتیہ متل اس گھر میں کبھی نہیں رہے۔

یہ گھر چودہ ہزار سات سو چھتیس سکوائر فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔ اس کی پہلی منزل پر ماسٹر بیڈروم کے علاوہ محترمہ متل کے لیے الگ سے ایک ڈریسنگ روم بھی ہے۔

لکشمی متّل کے بیٹے آدتیہ متل آرسیلر متل کمپنی میں محکمہ خزانہ کے سب سے اہم افسر ہیں۔ اس گھر میں سوئمنگ پول تو نہیں لیکن اس گھر میں ایک آرٹ گیلری، پھولوں کے کمرے اور بچوں کی پڑھائی اور ہوم ورک کے لیے الگ الگ کمرے ہیں۔

خود لکشمی متل کنزنگٹن پیلیس گارڈن میں رہتے ہیں۔ یہ علاقہ ارب پتیوں کی قطار کے نام سے مشہور ہے۔ روسی ارب پتی رومن ابراہمووچ اور لین بالیوٹنك جیسے امیر ان کے پڑوسی ہیں۔

پیسوں کی کمی اور چین سے لوہے کی مانگ میں کمی کی وجہ سے متل کی ملکیت میں گزشتہ برس دو اعشاریہ سات ارب پاؤنڈ کی کمي آئی تھی۔

گزشتہ ہفتے روسی صنعت کار عثمانیوف متّل کو پیچھے چھوڑ كر برطانیہ کے سب سے امیر شخص بن گئے تھے۔ اس سے قبل متل گزشتہ آٹھ سالوں سے برطانیہ کے سب سے امیر شخصیت بنے ہوئے تھے۔

لکشمی متل کے پاس بھارت میں دو مکانوں سمیت کل آٹھ رہائش گاہیں ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر برطانیہ میں ہی ہیں۔

ان کے پاس 70 ملین پاؤنڈ کا ایک اور گھر بھی ہے۔ یہ گھر لندن میں فلپائن کا پرانا سفارت خانہ تھا۔ یہ مکان ان کی بیٹی ونشا کے لیے ہے۔

ان کے پاس 267 فٹ کا اے وي نام کا پانی کا ایک جہاز بھی ہے۔

اسی بارے میں