پی آئی اے کے 2 مسافروں کی ضمانت مسترد

چیمسفرڈ میں مجسٹریٹ کی عدالت نے دو افراد کی پی آئی اے کے طیارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام کے تحت ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

یہ دونوں افراد پاکستانی فضائی کمپنی پی آئی اے کے طیارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام کے تحت پیر کو چیمسفرڈ میں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

چیمسفرڈ میں مجسٹریٹ کی عدالت نے انھیں پانچ اگست تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

ان دونوں افراد کو آیندہ پیشی کے موقع پر چیمسفرڈ کی کراؤن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

یہ دونوں افراد 30 سالہ طیب سبحانی اور 41 سالہ محمد صفدر برطانوی نژاد پاکستانی ہیں اور ان کا تعلق لنکاشائر کاؤنٹی کے علاقے نیلسن سے ہے۔

طیب سبحانی ٹیکسی چلاتے ہیں جبکہ محمد صفدر ایک ریستوران میں ملازم ہیں۔

دونوں افراد نے عدالت میں اپنے ناموں اور اپنے پتوں کی تصدیق کی۔

خیال رہے کہ دونوں افراد پر پاکستانی فضائی کمپنی پی آئی اے کے طیارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔

یہ واقعہ گزشتہ جمعہ کو پیش آیا تھا جب لاہور سے مانچسٹر جانے والے طیارے میں دورانِ پرواز چند مسافروں کے درمیان جھگڑا ہو گیا تھا اور عملے کی جانب سے بیچ بچاؤ کی کوشش کے دوران جہاز کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

جب طیارے کے کپتان کی جانب سے اس صورتحال سے کنٹرول ٹاور کو مطلع کیا گیا تو برطانوی فضائیہ کے جیٹ طیاروں کے حفاظتی حصار میں پاکستانی طیارے کو مانچسٹر کی بجائے لندن کے سٹین سٹیڈ ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا تھا۔

طیارہ اترنے کے بعد ایسکس کاؤنٹی کی پولیس نے طیارے سے طیب سبحانی اور محمد صفدر کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ ایک طویل انتظار کے بعد باقی مسافروں کو مانچسٹر پہنچا دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں