عراق: تین دھماکوں میں گیارہ افراد ہلاک

عراق میں حکام کے مطابق دارالحکومت بغداد اور موصل میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں میں کم سے کم گیارہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

ان بم دھماکوں میں عراق کے دارالحکومت بغداد اور شمالی شہر موصل کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو بغداد کے شمال مشرقی علاقے میں ایک گاڑی میں ہونے والے بم دھماکے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق دارالحکومت بغداد کے مرکز میں ہونے والے ایک دوسرے بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق عراق کے شمالی شہر موصل میں تین پولیس اہلکار ایک خود کش حملے میں ہلاک ہو گئے۔

عراق میں گزشتہ پیر کو شعیہ اکثریتی علاقوں میں ہونے والے حملوں میں 60 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ بدھ کو بھی 25 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بدھ کو عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت ملک کے مختلف شیعہ اکثریت کے علاقوں میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں 34 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

گزشتہ کچھ ہفتوں میں عراق میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں شدید اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے ساتھ ہی شیعہ اکثریتی حکومت اور اقلیتی سنی فرقے کے درمیان کشیدگی بھی بڑھ رہی ہے۔

خیال رہے کہ عراق میں حالیہ دنوں کے دوران تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں برس اپریل میں عراق میں 700 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جو گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کسی بھی مہینے کے دوران ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

اسی بارے میں