امریکہ: ایران کو مواصلاتی آلات فروخت کرنے کی اجازت

Image caption امریکہ کے اس اقدام کے بعد اپیل کے فونز اور آلات قانونی طور پر ایران کو برآمد کیے جا سکیں گے

امریکہ نے ایران کو موبائل فون سمیت مواصلات کے دیگر آلات کی فروخت پر عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ کے اس اقدام کے بعداسمارٹ فون بنانے والے مشہور کمپنی اپیل کے فونز اور آلات پہلی بار قانونی طور پر ایران کو برآمد کیے جا سکیں گے۔

امریکی وزارتِ خزانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ ایرانی عوام کو حکومت کی روک ٹوک کے بغیر آپس میں روابط اور معلومات تک رسائی ہونی چاہیے‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی کمپنیوں کو ایران کو سافٹ ویئر اور دیگر مواصلاتی آلات کی فروخت کی اجازت ہو گی لیکن ایرانی حکومت اور مخصوص افراد کے لیے برآمدی لائسنس کے حصول پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ میں سیاسی اُمور کی انڈر سیکرٹری وینڈی شیرمن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہمیں ایرانی عوام اور اُن کی روز مرہ ضروریات کا بہت خیال ہے۔ لائسنس کی اجازت کے بعد ایران کو سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر برامد کرنے کی اجازت ہو گی اور ایرانی عوام ایک دوسرے باآسانی رابطے میں رہیں گے جو وہ اس سے پہلے نہیں تھے۔ ‘

قومی ایران امریکی کونسل نے امریکہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

قومی ایران امریکی کونسل کے ڈائریکٹر جمال ابدی کا کہنا ہے کہ ’پابندیاں اُٹھانا ایک مثبت اقدام ہے۔ ایران میں انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کو کمزور کرنا اچھی مثال نہیں ہے۔‘

حالیہ برسوں میں ایرانیوں نے شکایت کی تھی کہ اپیل کمپنی اپنے فونز اور دیگر آلات اُنہیں فروخت نہیں کرتی ہے جبکہ کمپنی کا کہنا تھا کہ اُنہیں خدشہ تھا کہ خریدی جانے والے آلات غیر قانونی طور پر ایران بھیجی جا رہے ہیں۔

امریکہ نے ایران میں صدارتی انتخابات سے چند روز قبل یہ پابندی اُٹھائی ہے۔

اس سے قبل دو ہزار نو میں صدر احمدی نژاد کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد مظاہروں میں سوشل میڈیا نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ حزبِ مخالف کے مظاہرین نے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کومنظم کیا۔

یاد رہے کہ امریکہ نے گزشتہ کئی برسوس سے ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام ختم نہ کرنے پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

امریکہ کا خیال ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیے یورینیم کی افزودگی کر رہا ہے جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔

اسی بارے میں