ملکہِ برطانیہ کا براڈ کاسٹنگ ہاؤس کا افتتاح

Image caption ملکہ نے عمارت کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہیں

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے بی بی سی کے نئے براڈکاسٹنگ ہاؤس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے ۔ملکہ نے نئے براڈ کاسٹنگ ہاؤس کا دورہ بھی کیا۔

ملکہ کی آمد کے موقع پر بی بی سی ٹرسٹ کے چئیرمین لارڈ پیٹن اور بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹونی ہال نے اُن کا استقبال کیا۔

ملکہ نے اس موقع پر کہا کہ اس عمارت کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے وہ بےحد خوشی محسوس کر رہی ہیں۔

ملکہ برطانیہ بی بی سی کے براڈ کاسٹنگ ہاؤس کے دورے کے دوران یہ یادگار لمحہ تھا جب وہ خبریں پڑھتی ہوئی نیوزکاسٹر کے پیچھے پہنچیں تو ارد گرد کھڑے افراد نے اُن کے لیے تالیاں بجائیں۔

ملکہ نے معروف نیوز کاسٹرز سے ملاقات کی ۔اور لائیو براڈکاسٹ دیکھا ۔

ملکہ برطانیہ کے آنے سے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد بی بی سی ہاؤس کے باہر اُن کی منتظر تھی۔ ملکہ الزبتھ نیلے رنگ کے لباس میں جلوہ گر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں امید کرتی ہوں کہ یہ نئی عمارت مستقبل میں آپ کے لیے مددگار ثابت ہو گی اور میں اس کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں ‘

Image caption ملکہ برطانیہ کے آنے سے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد ، بی بی سی ہاؤس کے باہر اُن کی منتظر تھی۔ ملکہ الزبتھ نیلے رنگ کے لباس میں جلوہ گر ہوئیں ۔

اس افتتاحی تقریب میں ڈیوک آف اڈنبرا، شہزادہ فلپ کی آمد بھی متوقع تھی تاہم انہیں جمعرات کو ایک آپریشن کے لیے ہسپتال داخل ہونا پڑا۔

اپنے دورے کے اختتام پر ملکہ برطانیہ نے عمارت میں لگائی گئی ایک تختی کی نقاب کشائی بھی کی جس پر آج کی افتتاحی تقریب کا ذکر ہے ۔ لارڈ پیٹن نے اس موقع پر شہزادہ فلپ کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤوں کا اظہار کیا اور کہا کہ ملکہ برطانیہ کو بی بی سی ہاؤس میں خوش آمدید کہنا ایک خاص اعزاز ہے ۔

ملکہ برطانیہ نے اس سے قبل بھی پانچ بار بی بی سی کے دفاتر کا دورہ کیا ہے تاہم اس وقت بی بی سی کے نئے دفتر کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا منصوبہ ابھی شروع نہیں ہوا تھا۔

بی بی سی کے اس نئے براڈ کاسٹنگ ہاؤس سے نو ریڈیو نیٹ ورک، تین نیوز چینل کی نشریات ہوتی ہیں جبکہ بی بی سی کے تمام خبرنامے براڈ کاسٹنگ ہاؤس سے نشر ہوتے ہیں۔

بی بی سی براڈ کاسٹنگ ہاؤس میں ریڈیو ،ٹی وی ، نیوز اور آن لائن سروسز کے لیے کام کرنے والے چھ ہزار افراد کام کرتے ہیں ۔

اسی بارے میں