فرانسسکو ہوائی اڈے پر بوئنگ طیارہ تباہ

جنوبی کوریا کی ایئر لائن آسیانہ کا ایک بوئنگ 777 طیارہ سان فرانسسکو کے ہوائی اڈے پر تباہ ہو گیا ہے جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

طیارے میں عملے کے افراد سمیت 302 لوگ سوار تھے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے امریکی شہر سان فرانسسکو پہنچنے والا طیار جب رن وے پر پہنچا تو اس میں آگ لگ گئی۔ عینی شاہدوں نے بتایا ہے کہ طیارہ رن وے پر لڑکھڑانے لگا اور اس کا ایک پر اس سے علیحدہ ہوگیا ہے۔

طیارے میں سوار مسافروں میں سے 141 چینی، 77 کوریائی اور 61 امریکی شہری تھے۔

طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

ٹوئٹر پر شائع ہونے والی تصاویر میں لوگوں کو طیارے سے نکلنے کے لیے لگائے گئےگدوں پر کودتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا ہے کہ اس نے طیارے کے ایک پر کو طیارےسے علیحدہ ہوتے دیکھا ہے۔

ایک مسافر ڈیوڈ ان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے’ میں ابھی سان فرانسسکو ہوائی اڈے پر اترا ہوں ۔ طیارے کی دم علیحدہ ہوگئی ہے۔ ہر کوئی ٹھیک ہی لگتا ہے۔ میں بھی ٹھیک ہوں۔‘

ایک اور عینی شاہد نے سی این این کو بتایا کہ جب طیارے نے رن وے کو چھوا تو اس میں آگ کا شعلہ نظر آیا اور طیارہ رن وے پر لڑکھرانے لگا۔ اور پھر اس کا ایک پر طیارے سے علیحدہ ہو گیا۔