کینیڈا: تیل بردار ٹرین کو حادثہ، پانچ ہلاک، چالیس ’لاپتہ‘

Image caption تیل سے بھری ٹرین جب پٹری سے اتر کر عمارتوں سے ٹکرائی تو دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی

کینیڈا کے علاقے کیوبک کے قصبے لاگ میگانٹک میں ایک روز قبل تیل بردار مال گاڑی بے قابو ہو کر پٹری سے اتر کر مختلف عمارتوں سے ٹکرائی جس سے عمارتوں کو آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ چالیس اب بھی لاپتہ ہیں۔

تیس عمارتیں مکمل پر تباہ ہو گئی ہیں اور دو ہزار آبادی والے اس قصبے کو خالی کروا لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک پانچ افراد کے مرنے کی تصدیق ہوئی ہے لیکن اب بھی چالیس کے قریب افراد لاپتہ ہیں۔

کیوبک کے علاقے میں جھیل کنارے آباد قصبے لاک میگانٹک گزشتہ روز ایک ٹرین پٹری سے اتر کر قریبی عمارتوں سے ٹکرا گئی جس سے علاقے میں دھماکے ہوئے اور عمارتوں کو آگ لگ گئی۔

پولیس درجنوں لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس حادثے کے وقت قریبی شراب خانے لوگوں سے بھرے ہوئے تھے۔

لاک میگانٹک پولیس کے ترجمان مائیکل برنٹ نے کہا کہ چالیس کے قریب لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ لوگ چالیس سے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں اور کم بھی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ لاپتہ لوگوں میں کچھ شاید چھٹیوں گزارنے کسی دوسرے مقام پر گئے ہوں۔