کینیڈا: طوفان سے تین لاکھ افراد بجلی سے محروم

Image caption طوفانی بارش نے ٹورنٹو کی بڑی شاہراؤں اور زیرِ زمین سٹیشنز پر ریل اور ٹریفک کے نظام کو بھی متاثر کیا

کینیڈا میں حکام کے مطابق ٹورنٹو میں آنے والی شدید طوفانی بارش سے تقربیاً تین لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پیر کی رات ٹورنٹو میں 90 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جس نے شہر میں مواصلات کے نظام کو بری طرح متاثر کیا۔

طوفانی بارش نے ٹورنٹو کی بڑی شاہراؤں اور زیرِ زمین سٹیشنز پر ریل اور ٹریفک کے نظام کو بھی متاثر کیا۔

بارش کے پانی کی وجہ سے ٹرین کے سینکڑوں مسافر کئی گھنٹے پھنسے رہے اور انھیں پولیس کی کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا۔

بارش سے ابھی تک کسی شخص کے زخمی ہونے کی فوری اطلاع نہیں ہے۔

رچمنڈ ہل نامی کوچ میں آنے والے پانی کی سطح اس حد تک بڑھ گئی کہ مسافروں کو کوچ کے بالائی حصے کی جانب بھاگنا پڑا۔

ادھر پورٹر ایئر لائن نے موسم کی خراب صورتِ حال کی وجہ سے ٹورنٹو آنے اور جانے والی فلائٹس کو منسوخ کر دیا۔

ٹورنٹو کے مئیر باب فورڈ نے سی بی سی ریڈیو کو بتایا کہ ہم نے بارش کے نتیجے میں آنے والے طوفان کے نقصان سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کر لیے ہیں۔

اسی بارے میں