عراق میں خودکش حملہ اور دھماکہ، 16 ہلاک

Image caption عراق میں گزشتہ چند ماہ میں تشدد میں تیزی آئی ہے

عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک خودکش حملے اور ایک بم دھماکے میں 16 افراد ہلاک اور 40 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

خودکش حملہ شہر کے جنوبی حصے میں سنّی اکثریتی علاقے دورا میں ہوا۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے سنیچر کی شام افطار کے بعد نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بنایا۔

طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

بغداد کے شمال مشرقی علاقے میں بم دھماکے کا نشانہ ایک جنازہ بنا اور اس حملے میں مزید تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس دھماکے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے۔

تاحال کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

دارالحکومت میں یہ پرتشدد کارروائیاں ملک کے شمالی شہر کرکوک میں جمعہ کو ایک کیفے میں ہونے والے دھماکے کے بعد ہوئی ہیں جس میں 38 افراد مارے گئے تھے۔

عراق میں گزشتہ چند ماہ میں تشدد میں تیزی آئی ہے اور اقوامِ متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2013 سے اب تک ڈھائی ہزار عراقی مارے جا چکے ہیں۔

اسی بارے میں