مینڈیلا پچانوے برس کےہو گئے

مینڈیلا کے لیے سالگرہ کا پیغام
Image caption مینڈیلا کو جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خاتمے کی جدوجہد اور پھر ملک میں مصالحت کی پالیسی کی وجہ سے احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا کے ایک ہسپتال میں زیر علاج نیلسن مینڈیلا کی پچانویں سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔

جنوبی افریقہ میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ نیلسن مینڈیلا نے اپنی زندگی کے سڑسٹھ برس عوامی خدمت میں صرف کیے اور اس لیے اب ہر شخص کو چاہیے کہ وہ مینڈیلا کے اعزاز میں سڑسٹھ منٹ کسی فلاحی کام میں لگائیں۔

مینڈیلا پھیپھڑوں میں انفیکشن کی وجہ سے آٹھ جون سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔اب ان کی صحت کے بارے میں ملک کے صدر جیکب زوما نے کہا ہے کہ اس میں ’بتدریج بہتری‘ آ رہی ہے۔

نیلسن مینڈیلا کی بیٹی نے بتایا کہ ان کی حالت میں قابل ذکر بہتری آئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ جب وہ ان سے ملنے گئی تھیں وہ ہیڈفون کی مدد سے ٹی وی دیکھ رہے تھے اور انہوں نے آنکھوں اور ہاتھوں کی مدد سے بات کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔

نیلسن مینڈیلا کی پیدائش کے دن کو بین الاقوامی نیلسن مینڈیلا کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مینڈیلا کو نسل پرستی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی وجہ سے پوری دنیا میں احترام سے دیکھا جاتا ہے۔ وہ انیس سو چورانوے میں جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر منتخب ہوئے تھے۔

اسی بارے میں