اٹلی: کوچ کے حادثے میں 38 افراد ہلاک

Image caption حادثے کے وقت بس میں عورتیں اور بچے بھی سوار تھے

اطالوی میڈیا کے مطابق جنوبی اٹلی میں ایک کوچ 98 فٹ گہری کھائی میں گرنے سے کم سے کم 38 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔

کھائی میں گرنے سے پہلے کوچ متعدد گاڑیوں سے ٹکرائی جس کے بعد وہ الویلینو نامی کے قریب ایک فلائی اوور سے نیچے جا گری۔

اطالوی خبررساں ادارے آنسا کے مطابق حادثے میں کم سے کم 10 افراد زخمی ہوئے جس میں کئی کی حالت نازک ہے۔

خبر رساں ادارے آنسا کے مطابق کوچ میں 40 مسافر سوار تھے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔

مسافروں کا یہ گروہ اٹلی کے شہر نیپلز میں ایک مذہبی یاترا کے بعد لوٹ رہا تھا۔

بد قسمت کوچ کے ڈرائیور کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ بھی مرنے والوں میں شامل ہے تاہم ابھی تک حادثے کی وجوہات واضح نہیں ہیں۔

ٹی وی سے حاصل کردہ تصاویر میں ٹوٹی پھوٹی گاڑیاں اور سڑک کے کنارے رکھی گئی لاشیں دکھائی گئی ہیں۔

ایک امدادی کارکن نے اطالوی ٹی وی کو بتایا کہ صورتِ حال سنگین ہے۔

’ہمارا عملہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو بچایا جا سکے‘۔

پولیس کے ایک ترجمان نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ’میں فی الحال مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کر سکتا، ہم اب بھی گاڑی میں سے لاشیں نکال رہے ہیں‘۔

انھوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ سے ہائی وے بند کر دیا گیا ہے۔

رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ بس پل کے جنگلے سے جا ٹکرائی اور نیچے گھنی جھاڑیوں میں جا گری۔

آنسا نے کہا ہے کہ زخمیوں کو الویلینو، سالیرنو اور نولا کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

اسی بارے میں