21 ملکوں میں امریکہ کے سفارتی مشن بند

Image caption یمن کے شہر صنعا میں امریکی سفارت خانہ

امریکہ نے عسکریت پسندوں کی جانب سے غیرمعینہ حملے کے خطرے کے پیشِ نظر 21 ملکوں میں اپنے سفارت خانے اور قونصلیٹ اتوار کے روز بند رکھے ہیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے جمعے کو ایک انتباہ جاری کیا تھا جو اگست کے آخر تک نافذالعمل رہے گا۔

محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ القاعدہ اور اس کے حامی نیٹ ورکس کی جانب سے خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ میں واقع اس کے سفارت خانوں کو خطرہ لاحق ہے۔

صدر اوباما کی اعلیٰ سطحی سکیورٹی ٹیم نے ہفتے کے روز صدر سے مل کر انھیں سکیورٹی کی صورتِ حال سے آگاہ کیا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کے علاوہ اس اجلاس میں محکمۂ دفاع اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے اعلیٰ حکام اور ایف بی آئی، سی آئی اے اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سربراہان شامل تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صدر کو گذشتہ ہفتے کے دوران ممکنہ خطرے اور ہماری تیاری کے بارے میں متعدد بریفنگز دی گئی ہیں۔‘

اتوار کو شمالی افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کے کئی ملکوں میں امریکی سفارت خانے بند رکھے جائیں گے۔ اس دن بیشتر مسلمان ملکوں میں چھٹی نہیں ہوتی۔

ان سفارت خانوں میں عمان، قاہرہ، ریاض، کابل اور ڈھاکہ شامل ہیں۔

جمعرات کو سفارت خانوں کی بندش کا اعلان کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سفارت خانے کسی اور دن بھی بند رہ سکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ بندش اس کے بعد آئی ہے جب امریکہ نے القاعدہ کے پیغامات کا سراغ لگایا۔

کہا جاتا ہے کہ القاعدہ کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو پکڑی گئی جس میں ایک سفارت خانے پر حملے کا ذکر تھا۔

محکمۂ خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’حالیہ معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ القاعدہ اور اس کی اتحادی تنظیمیں خطے میں اور اس کے باہر حملوں کی منصوبہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں، اور یہ کہ وہ اب اور اگست کے آخر تک حملہ کرنے کا سوچ رہے ہیں۔‘

سفری انتباہ میں امریکی مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں۔ انھیں خبردار کیا گیا ہے کہ ’دہشت گرد ممکنہ طور پر عوامی سفری نظام اور سیاحت کے مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔‘

ایک امریکی عہدے دار نے کہا کہ اس خطرے کی ایک وجہ رمضان کا مہینہ ہو سکتا ہے جو اگلے ہفتے ختم ہو رہا ہے۔

برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک نے یمن میں اپنے سفارتی مشن عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔

برطانوی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ صنعا میں اس کا سفارت خانہ جمعرات تک بند رہے گا۔

اپنی ویب سائٹ پر برطانیہ نے اپنے شہریوں کو یمن نہ جانے اور وہاں موجود شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

ویب سائٹ پر لکھا گیا ہے کہ درج ذیل ممالک میں امریکی سفارتی مشن اتوار کو بند رہیں گے: عرب امارات، الجیریا، عمان، اردن، عراق، مصر، سعودی عرب، جبوتی، بنگلہ دیش، قطر، افغانستان، سوڈان، کویت، بحرین، موریطانیہ، یمن اور لیبیا۔

اسی بارے میں