ٹرین میں چار فٹ لمبی شارک

ٹرین میں ملنے والی مردہ شارک
Image caption ٹرین میں ملنے والی مردہ شارک

امریکی شہر نیویارک میں ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق زیر زمین چلنے والی ٹرین میں ایک مردہ شارک ملی ہے۔

ٹرین میں موجود اس غیر متوقع مسافر کی لمبائی تقریباً ایک عشاریہ دو میٹر (چار فٹ) ہے اور یہ کوئنز کے علاقے کی جانب جاتی ہوئی ٹرین میں سیٹوں کے نیچے سے ملی۔

ریل عملے نے مسافروں سے یہ مخصوص ڈبہ خالی کرنے کو کہا اور ٹرین اپنی منزل تک گئی جہاں پہنچ کر ایک سپروائزر نے اس شارک کو ٹرین سے اتارا۔

حکام کے مطابق اس سے قبل کبوتر یہاں تک کے ایک اوپسم بھی ٹرین پر مل چکا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ ایک شارک ملی ہے۔

لیکن یہ پتہ نہیں چل سکا کہ آخر یہ شارک ٹرین پر کیسے پہنچی۔

شارک کی تصویر لینے والی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ جب وہ ٹرین میں بیٹھیں تو انہوں نے محسوس کیا کہ ٹرین کے خالی ڈبے میں’مچھلی کی بہت بو‘ آ رہی تھی۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اس شہر میں ہر وقت اتنی عجیب باتیں ہوتی رہتی ہیں کہ حیران ہونا آسان نہیں ہے لیکن یہ معاملہ تو کچھ زیادہ ہی حیران کن ہے۔‘

اسی بارے میں