فلپائن: سمندری طوفان میں 23 مچھیرے لاپتہ

Image caption اْتر نامی یہ طوفان پیر کو سارا دن شمالی فلپائن میں رہے گا

فلپائن کے شمال میں ایک سمندری طوفان کے نتیجے میں 23 مچھیرے لاپتہ ہو گئے ہیں۔

طوفان لیوزان کے جزیرے کے شمال میں پیر کو آیا جس میں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے ساتھ تیز بارشیں ہو رہی ہیں۔

ملک کے بعض شمالی علاقوں میں بجلی کی تاریں کٹ گئیں ہیں اور کشتیوں کی سروس منقطع کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں۔

اْتر نامی یہ طوفان پیر کو سارا دن شمالی فلپائن میں رہے گا جس کے بعد یہ سمندر کی طرف چلا جائے گا۔

لاپتہ ہونے والے مچھیروں کا تعلق کیٹان ڈیونز جزیرے سے ہے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ شاید انھوں نے قریبی جزیرے میں پناہ لی ہو۔

توقع کی جا رہی ہے کہ یہ طوفان پھر جنوبی بحیرہ چین سے گزرتا ہوا جنوبی چین کی طرف بڑھے گا۔

ملک کے دارالحکومت منیلا میں طوفانی بارش ہوئی جس کے نتیجے میں بعض سکولوں کو بند کیا گیا۔

بارشوں کے بعد بڑھے پیمانے پر سیلاب کی اطلاعات نہیں ہیں۔

خراب موسم کی وجہ سے جہازوں کے کئی مقامی پروازوں کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔

یادر ہے کہ گذشتہ سال کے آخر میں فلپائن کے جنوبی حصے میں آنے والے شدید سمندری طوفان کے نتیجے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بوپھا نامی اس طوفان نے فلپائن کو چار دسمبر 2012 کو اپنا نشانہ بنایا اور اس میں طوفانی بارشوں کے ساتھ ساتھ دو سو دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا بھی چلی تھی۔

اسی بارے میں