فوکو شیما: تابکاری سے خطرے کی سطح میں اضافہ

Fukushima
Image caption فوکوشیما پلانٹ میں تابکاری سے آلودہ پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے سینکڑوں ٹینک بنائے گئے ہیں

جاپان کے جوہری ادارے نے فوکو شیما میں جوہری پلانٹ سے نکلنے والی تابکاری سے آلودہ پانی کے خطرے کی سطح عالمی درجہ بندی کے مطابق ایک سے بڑھا کر تین کر دی ہے۔

پہلے حکام نے اسے درجہ اؤل کے زمرے میں رکھا تھا لیکن بعد میں صورت حال کے پیش نظر نیوکلیئر ریگولیشن اتھارٹی کے حکام نے اسے درجہ تین میں کر دیا۔

تابکاری کو جانچنے کے لیے جو بین الاقوامی معیار ہیں اس میں درجہ اؤل کم ترین درجہ ہے جبکہ ساتوان درجہ سب سے خطرناک مانا جاتا ہے۔

جاپان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ ایک عبوری قدم ہے جس کی عالمی جوہری ادارے آئی اے ای اے سے تصدیق ہونی ہے۔

دو ہزار گيارہ میں فوکوشیما کے جوہری پلانٹ کے حادثے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب جاپان نے تابکاری کی اس سطح کی وارننگ دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس اعلان کے بعد ہی ٹوکیو الیکٹرک پاؤر کمپنی، جو اس جوہری پلانٹ کو چلانے کی ذمہ دار ہے، اس کے شیئر میں گرواٹ درج کی گئی ہے۔

فوکوشیما جوہری پلانٹ کے ایک ٹینک سے تابکاری سے آلودہ پانی کے خارج ہونے کے بارے میں پیر کو پتہ چلا تھا اور کہا گيا تھا کہ اس ٹینک سے تین سو ٹن آلودہ پانی خارج ہو چکا ہے۔

جاپان کا یہ جوہری پلانٹ دو ہزار گیار میں آنے والے زلزلے اور سونامی سے متاثر ہوا تھا۔ اس کے بعد سے اس میں تابکاری سے آلودہ پانی کے اخراج اور بجلی کی فیل ہونے کے واقعات مسلسل پیش آتے رہے ہیں۔

سونامی کی باعث اس پلانٹ کو ٹھنڈا رکھنے کے نظام کو نقصان پہنچا تھا اور اس کے تین حصے حدّت سے پگھل گئے تھے۔

تابکاری کے خطرے کی انتہائی حد سے پہلے سات درجات ہوتے ہیں۔ درجہ ’صفر‘ جہاں کوئی خطرہ نہیں ہوتا، پھر درجہ ایک سے تین جس میں کسی ’واقعے‘ کی نشاندہی کی جاتی ہے، جبکہ چار سے سات تک کے درجوں میں کسی ’حادثے‘ کی نشاندہی اور شدت واضح کی جاتی ہے۔

ٹوکیو الیکٹرک پاؤر کمپنی کے حکام نے منگل کو ایک نیوز کانفرانس میں بتایا تھا کہ یہ آلودہ پانی کنکریٹ کی رکاوٹ پار کرنے کے بعد ٹینک سے خارج ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹینک سے پانی کو نکال کر دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

اس پلانٹ میں آلودہ پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے سینکڑوں ٹینک بنائے گئے ہیں جن میں سے کئی سے اسی طرح سنہ دو ہزار بارہ میں اخراج ہوا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹیپکو کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اب آلودہ مٹی کو بھی محفوظ کرے تاکہ ارد گرد کے ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال پلانٹ کے باہر تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔

اسی بارے میں