مصر: چار ٹی وی چینلز بند کرنے کا حکم

Image caption حکام کے مطابق الجزیرہ مبشر مسر ٹی وی چینل نے مرسی کی برطرفی پر تعصب پر مبنی رپورٹنگ کی

مصر میں ایک عدالت نے اخوان المسلمین کے ایک ٹی وی چینل سمیت چار ٹیلی ویژن چینلز کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

ان چینلز میں الجزیرہ کا مقامی چینل مبشر مسر، اخوان المسملین کا احرار 25 اور اسلامی چینل القدس اور ليرموك شامل ہیں۔

حکام نے مصر میں حالیہ دنوں میں معزول صدر محمد مرسی کی حامی میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔

تین جولائی کو صدر مرسی کو برطرف کرنے کے بعد احرار سمیت متعدد اسلامی ٹی وی چینل کی نشریات کو بند کر دیا گیا تھا۔

اس سے پہلے پیر کو الجزیرہ انگلش کے لیے کام کرنے والے تین صحافیوں کو درست دستاویزات نہ ہونے کے الزام میں ملک بدر کر دیا تھا۔

مصر میں فوج کے حمایت یافتہ حکام نے الجزیرہ مبشر مسر ٹی وی چینل پر الزام لگایا ہے کہ اس نے مرسی کی برطرفی پر تعصب پر مبنی رپورٹنگ کی۔

مصر کے سرکاری وکیل کے مطابق سابق صدر محمد مرسی پر قتل پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

اس الزام کا تعلق اس واقعے سے ہے جس میں گذشتہ دسمبر میں قاہرہ کے صدارتی محل کے باہر تشدد میں سات افراد مارے گئے تھے۔

اسی بارے میں