ٹائیٹینک کا وائلن ریکارڈ قیمت میں فروخت

Image caption یہ وائلن ٹائٹینک کی اب تک سب سے زیادہ قیمت پر نیلام ہونے والی یاد گار ہے

ایک صدی پہلے حادثے کا شکار ہونے والےمسافر بردار بحری جہاز ٹائیٹینک کے بینڈ ماسٹر کا وائلن نو لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوا ہے۔

برطانیہ کی کاؤنٹی ولٹشائر میں وائلن صرف دس منٹ کے اندر اندر نیلام ہو گیا۔

نیلامی کرنے والے ایلن ایلڈریج کے مطابق نیلامی میں وائلن کے علاوہ تصاویر، اخبارات، برتن بھی نیلامی کیے گئے اور ان کی قیمت دس سے چند سو پاؤنڈ تک تھی۔

ایلن ایلڈریج کے مطابق وائلن کی نیلامی پچاس پاؤنڈ سے شروع کی اور چند منٹ کے اندر اندر ایک لاکھ پاؤنڈ تک قمیت لگ گئی اور بعد میں نو لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلی فون پر بولی میں حصہ لینے والے دو افراد میں بولی کا سخت مقابلہ ہوا تھا تاہم وائلن خریدنے والے شخص کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔

ٹائٹینک اپنے وقت کا سب بڑا بحری جہاز تھا اور یہ 1912 میں بحر اوقیانوس میں اپنے پہلے سفر کے دوران برفانی چٹان سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گیا تھا جس کے نتیجے میں پندرہ سو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

حادثے کے وقت بینڈ ماسٹر ویلیس ہارٹلے اپنا وائلن سینے سے باندھ لیا تھا اور وہ اس پر دھن بجاتے رہے تھے۔

یہ وائلن سات برس پہلے ہی منظر عام پر آیا۔ کہا جاتا ہے کہ مسٹر ہارٹلے کی لاش پانی پر تیرتی ہوئی ملی تھی اور ان کا وائلن ان کی محبوبہ کے حوالے کر دیا گیا تھا جو کہ ٹائٹینک کی اب تک سب سے زیادہ قیمت پر نیلام ہونے والی یاد گار ہے۔

اسی بارے میں