امریکہ:جے پی مورگن پانچ ارب ڈالر ادا کرنے پر تیار

Image caption حالیہ دنوں میں جی پی مورگن کو قانونی پریشانیوں کا سامنا رہا ہے

امریکہ میں بینکنگ کے شعبے کی معروف ترین کمپنی جے پی مورگن قرضوں پر مکانات فراہم کرنے والی دو کمپنیوں کو گمراہ کرنے کے الزامات پر پانچ اعشاریہ ایک ارب ڈالر کا معاوضہ ادا کرنے پر تیار ہو گئی ہے۔

اس سے پہلے جے پی مورگن پر قرضوں کی ضمانت میں اصل قیمت سے زیادہ قیمت پر فروخت کو سنہ 2007 میں امریکہ میں بینکاری کے نظام کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

جے پی مورگن بینک پر بانوے کروڑ ڈالر جرمانہ

امریکہ کی فیڈرل ہاؤسنگ فنانس ایجنسی یا مکانات کے لیے سرمایہ فراہم کرنے والے نگراں ادارے سے مذاکرات کے بعد جے پی مورگن اس رقم پر متفق ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ توقع ہے کہ جے پر مورگن اور امریکی محکمۂ انصاف کے درمیان بھی رقم کی ادائیگی کا ایک الگ معاملہ جلد طے پا جائے گا۔

فیڈرل ہاؤسنگ فنانس ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے’حل طلب قرض کی ضمانت کے معاملات سے نمٹنے کی جانب سے یہ ایک اہم قدم ہے‘۔

جے پی مورگن کی جانب سے جاری ہونے والی بیان کے مطابق قرض کی ضمانت سے متعلق کمپنی کے خلاف سب سے بڑا کیس حل ہو گیا ہے۔

معاہدے کے تحت بینک جے پی مورگن فینئے مے اور فریڈی میک کو چار ارب ڈالر ادا کرے گا تاکہ امریکی سکیورٹیز قوانین کی خلاف ورزی پر ہرجانے کے دعوؤں کو ختم کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ انفرادی اور خاندان کے لیے قرض کی ضمانت میں غلط رہنمائی پر ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر اضافی ادا کیے جائیں گے۔

فینئے مے اور فریڈی میک امریکہ میں مکانات کے لیے قرض دینے والی سب سے بڑی کمپنیاں ہیں اور انہیں مالی بحران سے دوچار ہونے پر حکومت سے 187 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج ملا تھا اور اس میں یہ اب تک 146 ارب ڈالر واپس کی چکی ہیں۔

گزشتہ مالی بحران کے دور میں بہت سے سرمایہ کار بینکوں نے بازار میں قرضوں کی ضمانت پر مبنی سکیوریٹیز اور بانڈز کی پیشکش کی تھی۔

جے پی مورگن پر یہ الزام ہے کہ اس نے اس میں شامل خسارے کے باوجود گروی پر مبنی سیکیوریٹیز کی فروخت دانستہ طور پر خطرے سے پاک مکانات کے لیے قرضوں کی بنیاد پر کی۔حالیہ دنوں میں جی پی مورگن کو قانونی پریشانیوں کا سامنا رہا ہے۔

اسی بارے میں