’پنک سٹار‘ ہیرا ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر میں نیلام

Image caption نیے مالک نے اس کا نام ’پنک ڈریم‘ رکھ دیا ہے

سویٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ’پنک سٹار‘ نامی ہیرے کی ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر میں نیلامی ہوئی ہے جو ہیرے جواہرات کے لیے ریکارڈ قیمت ہے۔

اس ہیرے کی پیمائش 2.69 سنٹی میٹر ضرب 2.06 سنٹی میٹر ہے اور اسے ایک انگوٹھی میں سجایا گیا ہے۔

پنک سٹار کو نیویارک کے مشہور ہیرا ساز اساق ولف نے خریدا ہے جنھوں نے اس ہیرے کا نام ’پنک ڈریم‘ رکھ دیا ہے۔

پنک سٹار کی بولی ’گراف پنک‘ نامی 24.8 قیراط کے اس گلابی ہیرے سے زیادہ ہے جسے چار کروڑ 62 لاکھ ڈالر میں فروخت کیا گیا تھا۔

پنک سٹار کی ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر کی قیمت میں نیلام گھر سودیبیز کا کمیشن بھی شامل ہے۔

سودیبیز کے ڈیوڈ بینٹ کا کہنا ہے کہ یہ ہیرا ’اس زمین کے شاندار ترین قدرتی خزانوں میں سے ایک ہے۔‘

’پنک سٹار‘ کو 1999 میں جنوبی افریقہ میں ڈی بیئرز کمپنی کی کانوں سے نکالا گیا تھا۔ امریکہ کے جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یہ ہیرا شفافیت اور رنگ میں اعلیٰ ترین معیار کا ہے۔

ابتدا میں اس کا وزن 132.5 قیراط تھا لیکن دو برس کی تراش خراش کے بعد اب یہ 59.6 قیراط رہ گیا ہے۔

سودیبیز کے شعبۂ جواہرات کے سربراہ ڈیوڈ بینٹ نے کہا ہے کہ ’مجھے گذشتہ 35 برس میں دنیا کے بہترین جواہرات کے معائنے کا موقع ملا ہے لیکن میں بلاجھجھک کہہ سکتا ہوں کہ پنک سٹار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔‘

ان کے مطابق پانچ قیراط کا ایسا بےداغ ہیرا ملنا ہی بہت مشکل ہے اور یہ 59.6 کیرٹ کا گلابی ہیرا تو کسی بھی معیار سے بالاتر ہے۔

یہ ہیرا اس سے قبل 2007 میں فروخت کیا گیا تھا تاہم اس وقت نہ اس کی قیمت اور نہ ہی مالک کا نام سامنے آیا تھا۔

سودیبیز اس سے قبل ہانگ کانگ میں ہونے والی نیلامی میں ایک سفید اور ایک نیلا ہیرا بالترتیب 28 اور 19 ملین ڈالر میں نیلام کر چکا ہے۔

اسی بارے میں