جنوبی افریقہ: شاپنگ مال کی چھت گرنے سے دو ہلاک

Image caption حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے دبنے والے زیادہ تر افراد وہاں کام کرنے والے مزدور ہیں

جنوبی افریقہ میں ایک زیر تعمیر شاپنگ مال کی چھت گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ چالیس ملبے کے نیچے دب گئے ہیں۔

یہ حادثہ ڈربن کے شمالی شہر ٹوگاٹ میں پیش آیا۔ امدادی ٹیمیں ملبے کے نیچے دبے ہوئے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ اب تک تیس افراد کو ہسپتال پہنچایا جا چکا ہے تاہم چالیس افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے دبنے والے زیادہ تر افراد وہاں کام کرنے والے مزدور ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں ملبے سے لوگوں کو زندہ نکالنے کے لیے تفتیشی کتوں کا سہارا لے رہی ہیں جبکہ ملبے کو ہٹانے کے لیے كرینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

امدادی کام میں مصروف تنظیم كرائیسز میڈیکل کے ڈائریکٹر نیل پاول نے بی بی سی کو بتایا ’رات ہونے کی وجہ سے امدادی کام میں مشکلات کا سامنا ہے، اس حادثے میں اب تک دو افراد ہلاک جبکہ 30 کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے تاہم اب بھی 40 افراد ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔‘

موقع پر موجود پولیس کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں اب تک ایک شخص شخص ہلاک، 29 افراد زخمی اور 50 افراد ملبے میں دبے ہیں۔

پولیس ترجمان مینڈی گووینڈر نے خبر رساں ایجنسی ایف پی کو بتایا ’یہ عمارت ایک زیر تعمیر شاپنگ مال کی تھی اور ملبے میں دبے زیادہ تر افراد وہاں کام کرنے والے مزدور ہیں۔‘

یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے ہوئی اور اس وقت وہاں تقریبا 100 مزدور کام کر رہے تھے۔

حکام کے مطابق جس جگہ یہ شاپنگ مال مال بن رہا ہے، وہ جگہ اس چھوٹے سے شہر کے بیچ میں ہے اور اس کے قریب ہسپتال اور ریلوے سٹیشن ہیں۔

پرائیوٹ ایمبولینس کمپنی نیٹ کیر 911 سے وابستہ کرس بوتھا کے مطابق ابھی یہ کہنا ہے کہ چھت کے گرنے کی کیا وجہ رہی قبل از وقت ہو گا۔ ان کے مطابق یہ چھت ایک رگبی کے میدان جتنی بڑی تھی۔

اسی بارے میں