نیویارک میں مسافر ٹرین کا حادثہ، چار افراد ہلاک

Image caption حکام کے مطابق حادثے میں میٹرو نارتھ ٹرین کی سات میں سے پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

امریکی شہر نیویارک کے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ریل گاڑی کے حادثے میں پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

نیو یارک کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں چار افراد ہلاک جبکہ 63 زخمی ہوئے ہیں۔

ان کے بقول زخمی ہونے والے 63 افراد میں سے گیارہ کی حالت نازک ہے جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

نیویارک کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ برانکس کے علاقے میں پیش آیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثے میں میٹرو نارتھ ٹرین کی سات میں سے پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

حکام کے مطابق یہ ٹرین سٹیشن کے قریب تھی اور اس کو آہستہ ہونا چاہیے تھا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق یہ ٹرین معمول کی رفتار سے بہت تیز تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کے بلیک باکس کی تلاش جاری ہے اور اسی سے ہی معلوم ہوسکے گا کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا۔

امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین پوہکیسپی سے اتوار کی صبح پانچ بج کر 54 منٹ پر روانہ ہوئی تھی اور اسے پونے آٹھ بجے کے قریب نیویارک کے گرینڈ سینٹرل سٹیشن پہنچنا تھا۔

ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بوگی پانی میں گری ہے۔ تاہم تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بوگی دریا کے بہت قریب ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور اس علاقے میں ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔

اس ٹرین میں سفر کرنے والے جوئل زیرسکی کا کہنا ہے کہ وہ سوئے ہوئے تھے اور ان کی آنکھ اس وقت کھلی جب ٹرین پٹڑی سے اتری ہے۔ ’میں نے دیکھا کہ بجری میری طرف آ رہی ہے اور لوگ چیخیں مار رہے تھے۔ ہر طرف دھواں اور ملبہ پڑا تھا۔‘

پٹڑی سے ٹرین اترنے کا یہ رواں سال دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 17 مئی کو کنیکٹیکٹ میں ایک ٹرین پٹڑی سے اتر گئی ےور دوسری ٹرین اس سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اسی بارے میں