پلاسٹک کے برطانوی پاؤنڈ 2016 سے بازار میں

Image caption دنیا میں اب تک 20 کے قریب ممالک میں یہ پولیمر کرنسی استعمال ہو رہی ہے

بینک آف انگلینڈ نے 2016 سے پلاسٹک کے کرنسی نوٹ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بینک کا کہنا ہے کہ پولیمر سے بنے یہ نوٹ نہ صرف صاف رہتے ہیں بلکہ سو سال سے زیادہ عرصے سے زیرِ استعمال کاغذ کے نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ بھی ہیں۔

بینک آف انگلینڈ نے رواں برس ستمبر میں کہا تھا کہ وہ نوٹوں کے لیے کاغذ کی جگہ پولیمر کے استعمال پر غور کر رہا ہے۔

اس اعلان کے بعد بینک کی جانب سے ملک کے مختلف شاپنگ سنٹروں میں آنے والے افراد سے اس مجوزہ تبدیلی کے بارے میں رائے لی گئی۔ بینک کا کہنا ہے کہ ان میں سے 87 فیصد افراد پولیمر یا پلاسٹک کے نوٹوں کے حق میں ہیں جب کہ صرف چھ فیصد ان کے مخالف تھے۔

پلاسٹک کا پہلا انگلش نوٹ پانچ پاؤنڈ مالیت کا ہوگا اور اس پر سابق برطانوی وزیراعظم سر ونسٹن چرچل کی تصویر ہوگی۔ اس کے ایک برس بعد دس پاؤنڈ کا پلاسٹک نوٹ مارکیٹ میں آئے گا جس پر برطانوی مصنفہ جین آسٹن کی شبیہ چھاپی جائے گی۔

خیال رہے کہ اب تک برطانوی نوٹوں پر صرف ملک کے تاجدار کی تصویر ہی شائع ہوتی رہی ہے۔ بینک آف انگلینڈ کا کہنا ہے کہ اب بھی اگر کسی زندہ شخصیت کی تصویر نوٹ پر چھپے گی تو اس کا تعلق صرف شاہی خاندان سے ہی ہوگا۔

بینک آف انگلینڈ کا کہنا ہے کہ یہ نوٹ حجم میں موجودہ نوٹوں سے چھوٹے ہوں گے اور ان کی عمر کاغذ کے نوٹوں کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ ہوگی۔

واشنگ مشین میں دھلنے کی صورت میں بھی انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچے گا تاہم تیز حرارت انھیں پگھلا دے گی۔

بینک کے گورنر مارک کارنے کا کہنا ہے کہ ’کرنسی پر بھروسہ اور اعتماد قائم رکھنا بینک کے اہم ترین کاموں میں سے ہے۔‘

پولی پروپائلین سے بنے یہ نئے برطانوی نوٹ پتلے، شفاف اور لچک دار ہوں گے۔ ان پر سفید روشنائی کی تہہ ہوگی جس پر نوٹ کا ڈیزائن چھاپا جائے گا۔

اس کے علاوہ اس نوٹ پر ایسی حفاظتی خصوصیات بھی ہوں گی جن کی بدولت یہ کاغذ کے نوٹوں سے زیادہ محفوظ ہوں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ برطانیہ میں پلاسٹک کے نوٹ استعمال کیے جائیں گے۔ 1999 میں ناردرن بینک آف ناردرن آئرلینڈ نے نئی صدی کے آغاز پر پانچ پاؤنڈ کا پلاسٹک کا نوٹ جاری کیا تھا۔

دنیا میں اب تک 20 کے قریب ممالک میں یہ پولیمر کرنسی استعمال ہو رہی ہے اور اس کا آغاز 1988 میں آسٹریلیا سے ہوا تھا۔ اسی برس نیوزی لینڈ، میکسیکو، سنگاپور، فجی، کینیڈا اور ماریشش نے بھی یہ نوٹ استعمال کرنا شروع کر دیے تھے۔

اسی بارے میں