رائل بوٹانیکل گارڈنز سے نایاب پودا چوری: پولیس

تصویر کے کاپی رائٹ AFP PHOTOBRITISH METROPOLITAN POLICEHO
Image caption پولیس کے مطابق اس پودے کو ایک چھوٹے کنول کے تالاب سے یا تو کھود کر نکالا ہے یا پھر کھینچ کر نکالا گیا ہے

برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ کیو میں واقع رائل بوٹانیکل گارڈنز سے نایاب پودا چوری کر لیا گیا ہے۔

برطانوی پولیس نے ایک بیان میں اپیل کی ہے کہ کسی کو اس بارے میں معلومات ہوں تو پولیس سے رابطہ کریں۔

پولیس کے مطابق نو جنوری کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے اور دوپہر دو بج کر پچپن منٹ کے درمیان ’نمفیا تھرمارم‘ نامی نایاب پودا چوری ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پودا رائل بوٹانک گارڈنز کیو میں پرنسس آف ویلز کنزرویٹری سے چوری ہوا ہے۔

بیان کے مطابق اس پودے کو ایک چھوٹے کنول کے تالاب سے یا تو کھود کر نکالا ہے یا پھر کھینچ کر نکالا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نمفیا تھرمارم کا شمار سب سے چھوٹے کنول میں ہوتا ہے۔ یہ پودہ صرف افریقی ملک روانڈا کے ایک علاقے میں پایا جاتا ہے اور اس کو 1987 میں دریافت کیا گیا تھا۔

تاہم روانڈا کے علاقے سے یہ پودہ دو سال قبل ختم ہو گیا جب وہاں پر وسیع پیمانے پر گرم پانی کے چشموں کی کھدائی کی گئی۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت یہ پودہ دنیا میں صرف دو جگہوں پر موجود ہے جن میں سے ایک رائل بوٹانیکل گارڈنز تھا۔

اس پودے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ انمول ہے۔

اسی بارے میں