نیوز کاسٹر کوملا ڈومور اچانک انتقال کر گئے

Image caption کوملا ڈومور کا نام 2013 کے 100 بااثر ترین افریقیوں کی فہرست میں شامل تھا

بی بی سی ٹی وی کے نیوز کاسٹر کوملا ڈومور لندن میں اچانک انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 41 برس تھی۔

ڈومور گھانا میں پیدا ہوئے تھے اور وہ بی بی سی ورلڈ نیوز کا پروگرام ’فوکس آن افریقہ‘ پیش کیا کرتے تھے۔

گھانا کے صدر جان ڈرامینی ماہما نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ان کے انتقال سے گھانا اپنے عمدہ ترین سفیروں میں سے ایک سے محروم ہو گیا ہے۔

بی بی سی گلوبل نیوز کے ڈائریکٹر پیٹر ہوریکس نے کہا کہ ڈومور افریقی صحافت کے لیے مشعلِ راہ کی مانند تھے اور ان کی کمی محسوس کی جاتی رہے گی۔ انھوں نے کہا: ’وہ افریقہ کا اصل چہرہ پیش کیا کرتے تھے۔ افریقہ کی توانائی اور جوش و جذبہ کوملا کی ہر سٹوری کے پیچھے چمکتا ہوا دکھائی دیتا تھا۔‘

بی بی سی کے خیال میں کوملا ڈومور کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔

نیو افریقن میگزین نے کوملا ڈومور کو 2013 کے 100 بااثر ترین افریقیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ میگزین کے مطابق وہ عالمی براڈ کاسٹنگ کا ابھرتا ہوا افریقی چہرہ تھے جو براعظم کی کوریج کے سلسلے میں بہت بااثر شخصیت تھے۔‘

ڈومور تین اکتوبر 1973 کو گھانا کے شہر عقرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے یونیورسٹی آف گھانا سے عمرانیات اور نفسیات میں بی اے اور ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ایم اے کیا تھا۔

وہ چار سال قبل بی بی سی سے وابستہ ہوئے تھے۔

اسی بارے میں